Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیاحت سے پابندی اُٹھانے کے بعد سیاحتی مقامات کی رونقیں دوبارہ بحال

شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) گذشتہ سات مہینوں سے کرونا وائرس کی وجہ سے بند سیاحتی علاقے کھلنے سے ماند پڑی رونقین دوبارہ بحال ہوئی ہیں ۔ اور سیاحتی مقامات میں ایک جشن کا سماں ہے ۔ بازاروں ،ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات میں سیاحوں کا جم غفیر جمع ہو گیا ہے ۔ اور مہینوں کی ذہنی کوفت دور کرنے کیلئے سینکڑوں سیاح لواری ٹنل کے راستے چترال میں داخل ہو رہے ہیں ۔ ان میں زیادہ تر لاہور ، اسلام آباد، ملتان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سیاح شامل ہیں ۔ سیاحوں کی بہت بڑی تعداد کالاش ویلی پہنچ چکی ہے ۔ جہاں وہ قدیم کالاش تہذیب و ثقافت ، صاف و شفاف گلیشئیر اور چشموں کا پانی و ہوا اور قدرتی جنگلات کے حسن کا لطف اٹھارہے ہیں ۔ اور طویل لاک ڈاون کی بوریت اتار کر دوبارہ سے تازہ دم زندگی کا آغاز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جبکہ مقامی ہوٹلوں اور کاروباری مراکز کے سیاحت سے وابستہ افراد مہمان نوازی کرکے اس موقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔

کرونا وائرس کی وجہ سے سیاحتی شعبہ شدید مالی بحران کا شکار ہوا تھا ۔ اب پابندیاں ہٹ جانے سے آخری سیزن میں کچھ آمدنی کے توقعات پیدا ہو گئے ہیں ۔ عید کے دنوں میں ہزاروں سیاحوں کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لواری ٹنل سے واپس کر دیا گیا ۔ جس پر کئی مرتبہ حالات سیاحوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے مابین ہاتھا پائی تک پہنچ گئے تھے ۔ اب پابندیاں اٹھ جانے سے یہ سلسلہ رک جائے گا ۔ تاہم بعض سیاحوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ شکایت کی ہے ۔ کہ لواری ٹنل دیر سائیڈ پر ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکار بلا وجہ بھی لوگوں کو انتظار کرنے پر مجبور کر رہے ہیں ۔ لاہور کے ایک سیاح انجم ریاض نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ۔ کہ خود انہیں ڈیڑھ گھنٹے لواری ٹنل پر انتظار پر مجبور کیا گیا ۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے سیاحت کی ترقی کے حوالے سے دعووں کو حقیقت سے دور قرار دیتے ہوئے کہا ۔ کہ سیاحت کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ جس میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل سڑکیں ہیں ۔ اور چترال میں سڑکوں کی حالت کو بہتر بناکر ہی سیاحت کی ترقی ممکن ہے ۔ کالاش ویلیز میں سیاحت کے بے پناہ پوٹنشلز موجود ہیں ۔ اگر سڑکوں کی حالت میں بہتری لائی گئی ۔ تو سیاحوں کا جم غفیر امڈ آئے گا ۔

لاک ڈاون کے خاتمے کے بعد سیاحوں کی آمد سے عجائب گھروں کی رونقیں بھی بحال ہو ئی ہیں ۔ صوبائی سطح پر اہمیت کی حامل میوزیم کالاشہ دور بمبوریت کے انچارج و ریسرچ اسسٹنٹ اکرام حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ۔ کہ سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد روزانہ تین سو سے چارسو سیاح میوزیم کی وزٹ کرتے ہیں ۔ جو کہ بہت بڑی تعداد ہے ۔ جس میں مزیداضافہ بھی ہو سکتا ہے ۔ سیاح کالاش تاریخ اور ثقافت میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ ویلیز میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد سے اس شعبے سے وابستہ افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اور انہیں امید ہے ۔ کہ ایس او پی کے مطابق سیاحت سے مقامی لوگوں کے چولہے دوبارہ جلنے کے قابل ہوں گے ۔

kalasha dur bumburait chitral
kalash valley tourist visit 1

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
38874