Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیاحتی مقامات پر ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سٹاف کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تربیتی پروگرام کاانعقاد

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز محکمہ سیاحت اور ورلڈ بینک فنڈڈ کائیٹ پراجیکٹ کے تحت کورونا وائرس سے بچاؤ اور ایس اوپیز سے متعلق وادی کالام اور نتھیاگلی کے مقام پر خصوصی تربیت کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق نتھیاگلی اور ناران میں کورونا کے مثبت کیسز سامنے آنے پر محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کے ہوٹلز اہلکاروں سمیت مقامی ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کیلئے فوری طور پر خصوصی تربیت اور آگاہی مہم کا انعقاد کیا جس کے دوسرے مرحلے میں وادی کالام میں ہنی مون ہوٹل اور گرین ریٹریٹ ہوٹل نتھیاگلی میں تربیتی پروگرام ترتیب دیا جس میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اراکین و عملہ، گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ریسکیو1122،ضلعی انتظامیہ اور دیگر نے شرکت کی۔ محکمہ سیاحت کے مطابق “کورونا وائرس سے محفوظ سیاحت” تربیت کا اولین مقصدہے اور کورونا وائرس سے بچنے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ محکمہ سیاحت حکومت کی جانب سے سیاحتی مقامات سے لاک ڈاؤن ہٹانے کے بعد تمام سیاحوں کو خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات آمد پر خوش آمدید کہتی ہے اور یہ تاکید کرتی ہے کہ دوران قیام سیاحت کے شعبہ کیلئے حکومت کی جانب سے وضع کردہ ایس اوپیز پر بھرپور انداز میں عمل کیا جائے تاکہ اپنے خاندان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو ہر ممکن روکا جا سکے۔ ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز محکمہ سیاحت اور ورلڈ بینک فنڈڈ کائیٹ پراجیکٹ کے تعاون سے جاری خصوصی تربیت یکم سے تین ستمبر تک ایبٹ آباد جبکہ 3تا6 ستمبر پشاور میں منعقد کیا جائے گا جس میں سیاحت کے شعبے سے منسلک تمام محکمے اور پرائیویٹ سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ ایس اوپیز پر عمل درآمد اور آگاہی بارے ترتیب فراہم کی جا سکے۔

KITE pic 3

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
39438