Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

 سکولوں کی اپگریڈیشن، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، سکولوں، مدارس اور ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن میں یونیسیف کا تعاون درکار ہے،وزیراعلیِ کا یونیسیف وفد سے گفتگو

Posted on
شیئر کریں:

 سکولوں کی اپگریڈیشن، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، سکولوں، مدارس اور ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن میں یونیسیف کا تعاون درکار ہے، وزیراعلیِ کا یونیسیف وفد سے گفتگو

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے جمعرات کے روز عبداللہ فادل کی قیادت میں یونیسیف کے ایک  وفد نے وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی جس میں صوبے میں یونیسیف کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں مستقبل میں صوبائی حکومت اور یونیسیف کے درمیان اشتراک کار کے دائرے کو مزید وسعت دینے سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے یونیسیف کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، حکومت  چند اہم شعبوں میں یونیسیف کے مزید تعاون کی خواہاں ہے سکولوں کی اپگریڈیشن، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، سکولوں، مدارس اور ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن میں یونیسیف کا تعاون درکار ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے مستحق گھرانوں کو بھی شمسی توانائی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔     ا سکے علاوہ ضم اضلاع کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کو یونیسیف کے خصوصی تعاون کی ضرورت ہے۔گذشتہ  کئی دہائیوں سے خطے میں جاری صورتحال سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،دہشت گردی سے متاثرہ اس صوبے کو معاشی طور اپنے پاوئں پر کھڑا کرنے کے لئے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔ یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فادل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں کے لئے خیبر پختونخوا یونیسیف کا ترجیحی صوبہ ہے جبکہ  یونیسیف خیبر پختونخوا میں تعلیم، صحت، پینے کے پانی سمیت دیگر سماجی شعبوں میں کام کررہاہے۔یونیسیف پولیو پروگرام میں صوبائی حکومت کا سب سے بڑا شراکت دار ہے، یونیسیف ان شعبوں میں صوبائی حکومت کے وڑن پر عملدرآمد کے لئے تعاون مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گا۔ صوبائی وزرائظاہر شاہ طورو، ارشد ایوب خان کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی امیر فرزند، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید امتیاز حسین شاہ، وزیر اعلیٰ نے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری توانائی نثار احمد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

 

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات کی

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے جمعرات کے روزوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورہ پشاور کے دوران وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبے میں امن و امان سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں گذشتہ روزبشام میں چینی باشندوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دونوں رہنماوئں نے چینی حکومت اور ہلاک شدگان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے اور دہشتگردی کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان کی بہتری صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور اس مقصد کیلئے صوبے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا۔اُنہوںنے کہاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ علی امین نے واضح کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی و بہتری کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبہ ہے جو دہشت گردی سے سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے۔

chitraltimes federal interior minister naqvi meeting with cm kp


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
86912