Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری کالجوں اور جامعات کے نوہزار طالبعلم ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ڈیجیٹل لائبریری سے گھر یا ہاسٹل میں بیٹھے مستفید ہوسکیں گے۔۔محمد آیاز

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے سرکاری کالجوں کے ایک ہزار جبکہ جامعات کے 7ہزار798 طالبعلم ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ڈیجیٹل لائبریری سے گھر یا ہاسٹل میں بیٹھے مستفید ہوسکیں گے۔خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے طالبعلموں میں تحقیق کے رجحان کو فروغ دینے اور انھیں مطالعاتی مواد کی باآسانی فراہمی کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ڈیجیٹل لائبریری تک گھر یا ہاسٹل میں بھی رسائی فراہم کی ہے۔اس سے قبل طالبعلم صرف اپنے کالج یا جامعہ میں ہی ڈیجیٹل لائبریری سے رہنمائی لے سکتے تھے تاہم خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے طالبعلموں کی سہولت کے لیے اسے کالج اور جامعہ تک محدود نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن محمد آیاز خان نے بتایا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے ابتداء میں تجرباتی بنیادوں پر صوبے کے 2کالجوں اور 10جامعات کے طالبعلموں کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے،اس مقصد کے لیے محکمے کی جانب سے ٹیم تشکیل دی گئی جنھوں نے ان درسگاہوں میں ورچوول پرائیویٹ نیٹ ورک (VPN) کی انسٹالیشن کا کام مکمل کیا اور طالبعلموں کو گھر اور ہاسٹل میں ڈیجیٹل لائبریری تک رسائی مہیا کی جس سے کالجوں کے ایک ہزار طالبعلم جبکہ یونیورسٹیوں کے7ہزار798 طالبعلموں کو سہولت ملی ہے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری ظفر علی شاہ کے مطابق اس سہولت کی فراہمی کا بنیادی مقصد علم و تحقیق کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے آسانی دینا ہے،تحقیقاتی کام کے لیے مواد تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل لائبریری طالبعلموں کے لیے نہایت فائدہ مند ہے لیکن اسے صرف درسگاہوں تک محدود رکھتے ہوئے زیادہ فوائد کا حصول ممکن نہ تھا۔ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نوجوانوں کو گھر اور ہاسٹل میں ای لائبریری تک رسائی دینے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں،جلد ہی صوبے کے 25 بی ایس کالجز کے طالبعلموں کے لیے یہ سہولت دستیاب ہوگی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کے مطابق ای لائبریری تک باآسانی رسائی سے بی ایس ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طالبعلموں کو تحقیقی کام انجام دینے میں سہولت ہوگی۔

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
6206