Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرحد رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے محکمہ صحت کیلئے کورونا کٹس کی حوالگی تقریب

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائن پر فرائض منصبی سر انجام دینے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت اولین ترجیح رہی ہے۔ سماجی تنظیموں کی جانب سے ان حالات میں تعاون قابلِ تقلید اقدام ہے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار سرحد رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو کورونا تشخیصی کٹس اور طبی عملے کے لیے ذاتی حفاظتی سامان کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نیاز محمد، ایس آر ایس پی کے پروگرام منیجر سید آفتاب احمد، منیجر آپریشنز میاں محمد شاہ اور ٹیم لیڈر سید اسد قیصر و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران وزیر صحت تیمور جھگڑا کو سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے پروگرام منیجر نے سامان اور دستاویزات حوالے کیں۔ ایس آر ایس پی کی جانب سے دیئے جانے وے سامان میں 2016 پی سی آر ٹیسٹنگ کٹس اور 2010 یو ٹی ایم شامل ہیں۔ اسی طرح طبی عملے کے لیے 8 ہزار حفاظتی گاؤن، 8 سو فیس شیلڈز، 8 سو کے این 95 ماسک اور 24 ہزار فیس ماسک، 24 ہزار ہیڈ کور، 24 ہزار دستانے اور 24 ہزار شو کورز بھی سامان میں شامل ہیں۔ وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کورونا وباء کے دوران ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت شروع دن سے اولین ترجیح ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کیلئے خطیر فنڈز سے ذاتی حفاظتی سامان خریدا ہے اور کر بھی رہے ہیں۔ اس وقت ہسپتالوں میں ذاتی حفاظتی سامان کی کمی نہیں ہے۔ محکمہ صحت نے بہت کم وقت میں ہسپتالوں کی استعداد میں اضافہ کیا ہے۔ تیمور جھگڑا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ عوام کے تعاون سے جلد اس وباء پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے ایس آر ایس پی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تنظیموں کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔ سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے پروگرام منیجر آپریشنز سید آفتاب احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ ذاتی حفاظتی سامان 800 طبی اہلکاروں کے لیے ایک ماہ کے لئے کافی ہے جس پر 12.91 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سامان کے لیے جرمنی کی پٹریپ فاؤنڈیشن کا تعاون حاصل رہا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
37359