Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرحد رورل سپورٹ پروگرام چترال کے زیر اہتمام  بچوں، اساتذہ اور والدین کو آگہی دینے کیلئے ایون میں تھیٹر شو کا انتظام 

Posted on
شیئر کریں:

سرحد رورل سپورٹ پروگرام چترال کے زیر اہتمام  بچوں، اساتذہ اور والدین کو آگہی دینے کیلئے ایون میں تھیٹر شو کا انتظام

چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز ) سرحد رورل سپورٹ پروگرام چترال کے زیر اہتمام چائلڈ پروٹیکشن پراجیکٹ کے تحت بچوں ،اساتذہ اور والدین کو آگہی دینے کیلئے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ایون میں تھیٹر شو کا انتظام کیا گیا ۔ جس میں مقامی اور ملکی تھیٹر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ “ترقی فار سوشل چینج لاہور گروپ” کے زیر اہتمام اس تھیٹر میں بچوں کے مسائل ،بچوں کے حقوق اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر مختلف خاکے پیش کرکے آگہی فرہم کی گئی ۔ اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلباء اور اساتذہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ تھیٹر میں بچوں کے ساتھ زیادتی ، بچوں کے استحصال ،بچوں پر تشدد ، نقصان دہ رسوم ،کم عمری میں شادی ، جبری مشقت اور تعلیم و صحت و خوراک کی بنیادی ضروریات و سہولیات سے محرومی جیسے مسائل کو اجاگر کیا گیا ۔ اور بچوں کے تحفظ کیلئے بنائے گئے قوانین اور سزاوں پر روشنی ڈالی گئی ۔ فنکاروں نے بہترین انداز میں تھیٹر کی زبان میں بچوں کے مسائل پیش کرکے خوب داد وصول کی ۔ پرنسپل ہائیر سکینڈری سکول ایون احسان الحق نے بہترین تھیٹر شو پیش کرنے پر ایس آر ایس پی اور فنکاروں کی تعریف کی ۔ اور کہا ۔ کہ اپنے حقوق اور ذمہ داریوں سے متعلق بچوں کو اگاہ کرنا انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نےکہا ۔ کہ ہم اقوام متحدہ کے چارٹر پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہیں ۔اس لئے بچوں کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھاناپاکستان کی ذمہ داری ہے ۔ بچوں کیلئے پہلی ترجیح تعلیم و صحت ہے ۔ سپورٹس جسمانی نشو نما کیلئے ضروری ہے۔ تاہم اس قسم کے ایونٹ منشیات سے پاک ہونے چاہئیں ۔ تھیٹر میں ڈائریکٹر زاہد رحمن ، فنکار ڈاکٹر محمد الیاس خٹک (ر) صوبیدار توکل خان ،افسر علی اور منو نے کریکٹر ادا کئے ۔ اساتذہ اور طلباء نے مطالبہ کیا ۔ کہ اس قسم کے تھیٹر مقامی زبان میں بھی پیش کئے جائیں ۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر عباد الرحمن نے تھیٹر کے انعقاد میں بھر پور تعاون کرنے پر پرنسپل سکول، اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا ۔

chitraltimes srsp theater under child protection project 2

chitraltimes srsp theater under child protection project 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
79888