Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

زکواۃ فنڈ اور ”مستحق’ ایب ۔ تحریر ساجد خان

شیئر کریں:

زکواۃ فنڈ اور ”مستحق’ ایب ۔ تحریر ساجد خان اسسٹنٹ انفارمیشن آفیسر محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ خیبر پختونخوا


خیبر پختونخوا حکومت زکوٰۃ فنڈز کو حقداران تک پہچانے کیلئے شفاف اور منصفانہ طریقہ کار وضع کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ حکومت کی طرف سے ملنے والی زکوٰۃ کی رقم محکمہ زکوٰۃ وعشر کے ذریعے مستحقین تک باآسانی پہنچ سکے اور معاشرے کا پسماندہ طبقہ حقیقی معنوں میں زکوۃ فنڈز سے مستفید ہوسکے۔ اس سلسلے میں موجودہ صوبائی حکومت نے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے چند ماہ پہلے محکمہ زکوۃ وعشر نے خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے ”مستحق” (MUSTAHIQ) کے نام سے ایک ایپ متعارف کروائی ہے جسکا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر زکوۃ وعشرسماجی بہبود وخصوصی تعلیم اورترقی خواتین انورزیب خان نے کیا۔ خیبر پختونخوا پاکستان کا وہ واحد صوبہ بن گیا ہے جہاں پر مستحق ایپلی کیشن کے ِذریعے صوبے کے مستحق لوگوں کو زکوۃ کی مختلف سکیموں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ہیں

یہ ایپلیکیشن ایک معلوماتی پلیٹ فارم ہے جہاں پر لوگوں کو زکوٰۃ کی سکیموں کے حوالے سے تمام معلومات تین زبانوں اردو، انگریزی اور مقامی زبان پشتو میں دی گئی ہیں اس کی ساتھ ساتھ مستحق ایپ میں صوبے کے ان 26سرکاری اور نجی ہسپتالوں، ٹرسٹ، ویلفئیر آرگنائزیشن اور فاؤنڈیشن کے نام، ان کے فوکل پرسن کے نام اور انکے رابطہ نمبرز بھی دئیے گئے ہیں جو محکمہ زکوٰۃ وعشر کے ساتھ منسلک ہیں۔ ان ہسپتالوں میں عبدالصمد میموریل ٹرسٹ پشاور، الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کوہاٹ، باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی، مردان میڈیکل کمپلیکس مردان، ژوندون ویلفئیر آرگنائزیشن پشاور، ایمز ذیابیطس ہسپتال اور ریسرچ سنٹر، الخدمت ہسپتال نشتر آباد پشاور، ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد، بنوں انٹسیٹیوٹ آف نیو کلئیرمیڈیسن انکولوجی اور ریڈیو تھراپی، ڈیرہ اسماعیل خان انٹسیٹیوٹ آف نیو کلئیرمیڈیسن اینڈ ریڈیو تھراپی، فاطمید فاؤنڈیشن بلڈبینک پشاور، حمزہ فاؤنڈیشن اینڈ بلڈ ٹرانسفیوژن پشاور، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، انٹسیٹیوٹ آف نیو کلئیرمیڈیسن انکولوجی اور ریڈیو تھراپی ایبٹ آباد، خیبر آنکھ فاؤنڈیشن ہسپتال پشاور، خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور، کویت ٹیچنگ ہسپتال پشاور، لیڈی ریڈنگ ہسپتال (کارڈیالوجی) پشاور، لیڈی ریڈنگ ہسپتال (جنرل) پشاور، سرحد جیل ہسپتال برائے نفسیاتی امراض پشاور، خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں،فرنٹیئر فاؤنڈیشن اینڈبلد ٹرانسفیوژن پشاور،ارنم ہسپتال پشاور، شوکت خانم ہسپتال پشاور اور انسٹیٹیوٹ آف نیو کلئیر میڈیسن، آنکولوجی اورریڈیولوجی سوات شامل ہیں جہاں پر مستحقین زکوٰۃ کے فنڈ سے اپنا علاج مفت کرواسکتے ہیں ان ہسپتالوں کی لوکیشن معلوم کرنے کیلئے ایپ میں گوگل میپ کا آپشن بھی دیا گیا ہے جس کے ذریعے متعلقہ ہسپتال کو پہنچنے میں بہت آسانی ہوتی ہے

مز ید یہ کہ اس ایپلیکیشن میں ضلعی زکوٰۃ دفاتر کی تفصیلات، ضلعی زکوٰۃ افسر اور چئیرمین کے نام بمع رابطہ نمبرز، مقامی زکوٰۃکمیٹیوں کی تعداد بمع مقامی زکوٰۃ چئیرمین کے نام و فون نمبر بھی تفصیل کے ساتھ موجود ہیں۔زکوٰۃ فنڈز جو (ZMIS) سسٹم کے ِذریعے زکوٰۃ کی مختلف سکیموں میں تقسیم کیا جاتا ہے ان میں گزارا الاؤنس، شادی الاؤنس یعنی جہیز فنڈ، تعلیمی و ظائف، دینی مدارس اور صحت کی دیکھ بھال شامل ہیں ان سکیموں کی مکمل معلومات، درخواست دینے کا طریقہ کار، سکیم کیلئے درخواست دینے والے کی اہلیت مذکورہ ایپلیکیشن میں تفصیل کے ساتھ دی گئی ہیں۔گزارا الاؤنس کُل زکوۃ فنڈ بجٹ کا 68فیصد رکھا گیا ہے یہ ایک ماہانہ عطیہ ہے جو دائمی غریبوں کیلئے مختص کیا گیا ہے جسکا مقصد انہیں بھوک وافلاس سے بچانا ہے جوکہ انتہائی غربت کا سبب اور مظہر ہے اسکی موجودہ ماہانہ شرح ایک ہزار روپے ہے اور مستحق شخص کو مقامی زکوٰۃ کمیٹی کے ذریعہ اسکی ادائیگی کی جاتی ہے گزارا الاؤنس کیلیے مستحق کی اہلیت کا تعین مقامی زکوٰۃ کمیٹی کرتی ہے

اس سکیم کے تحت وہ بالغ مسلمان جو غربت کے نچلے طبقے سے ہو، بیروزگار ہو اور عادتاً بھکاری نہ ہو مستفید ہو سکتا ہے جبکہ بیواؤں اور معذوروں کو برتری دی جاتی ہے۔ جہیز فنڈ کیلئے زکوٰۃ کے کل بجٹ کا12فیصد رکھا گیا ہے۔جہیز فنڈ کا مقصد غیر شادی شدہ خواتین کو مالی امداد فراہم کرنا ہے جو ان کی شادی کے اخراجات پورے کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔شادی الاؤنس کی موجودہ شرح 30ہزار روپے ہے۔ جہیز فنڈ کیلئے کوئی بھی غریب، مسکین اور مستحق عورت یا اس کے والدین یا سرپرست، اس عطیہ کیلئے مقامی زکوٰۃ کمیٹی کو درخواست دے سکتے ہیں۔مقامی زکوٰۃ کمیٹی استحقاق کا تعین کرتی ہے اور ضلعی زکوٰۃ کمیٹی قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ مقامی زکوٰۃ کمیٹی کو فنڈز جاری کرتی ہے۔صحت کی دیکھ بال کیلئے زکوٰۃ کے کل بجٹ کا 4فیصد رکھا گیا ہے یہ حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے غریب مریضوں کی صحت کی دیکھ بال کیلئے مختص شدہ فنڈ ہے جو صوبائی حکومت ضلعی سطح پر ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو فنڈ جاری کرتی ہے اور اس فنڈ سے غریب لوگوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے

استحقاق کا تعین مریض کے مستقل رہائشی علاقے کی مقامی زکوٰۃ کمیٹی کرتی ہے۔تعلیمی و ظائف کیلئے زکوٰۃ کے کل بجٹ کا 8فیصد رکھا گیاہے جوصوبے کے مستحق طلباء وطالبات کے تعلیمی اخراجات کے لئے استعمال ہوتا ہے تاکہ مستحق طلباء اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔سکول لیول پر ماہانہ وظیفہ00 5 روپے ہے ایف اے/ایف ایس سی لیول پر ماہانہ 1500 روپے ہے گریجویشن/ بی ایس سطح پر 2000روپے ماہانہ جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح پر 5000روپے ماہانہ دیاجاتاہے۔اسی طرح رجسٹرڈ دینی مدارس کیلئے زکوٰۃ کے کل بجٹ کا 8 فیصد دیا جاتاہے اور مستحق طالبعلموں کو 1000 اور 1500 روپے ماہانہ وظیفہ ملتا ہے،مستقبل میں اس ایپلیکیشن کے اندر زکوٰۃ کے تمام فیلڈ کلرکس کے نام بھی ڈالے جائینگے اور تمام ہسپتالوں کے زکوٰۃ فنڈز کی دستیابی کے بارے میں معلومات بھی مہیا کی جائیں گی اس کے ساتھ ایپ میں یہ بھی معلومات فراہم کی جائینگی کہ زکوٰۃ سکیموں کیلئے درخواست دینے والوں کی درخواست کونسے مرحلے میں ہے درخواست گزار کے فارم پر کارروائی ہورہی ہے یا اسکا نام سکیم کیلئے منتخب ہوا ہے یا پھر مسترد ہوا ہے یہ معلومات شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے میسر ہوگی زکوٰۃ فنڈز کی تقسیم میں شفافیت لانے کیلئے محکمہ زکوٰۃ وعشر نے ای زکوٰۃ سسٹم کی طرف اقدام اٹھاتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان بیت المال، اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا اور محکمہ ایکسائز کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پردستخط بھی کئے تاکہ غیر مستحق لوگوں کا تدارک ہوسکے، خیبر پختونخوا زکوٰۃ عشر کونسل کے ایکٹ میں ترامیم کے بعد مفاہمتی یاداشت پر عملی کام شروع کیا جائیگا۔


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
58350