Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ریونیواتھارٹی نے چھ مہینوں میں ٹیکس کی مد میں 8.14 ارب روپے کی وصولی کی.وزیرخزانہ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے مالی سال2019-20 کے پہلے چھ مہینوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خدمات پر ٹیکس کی مد میں ریکارڈ 8.14 ارب روپے وصول کئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کی نسبت سال 2019-20پہلی ششماہی میں کیپرا نے ٹیکس وصولیوں میں غیر معمولی 83 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے۔ صوبائی حکومت کی معاشی اصلاحات کی بدولت نہ صرف صوبائی محاصل میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے بلکہ صوبہ معاشی خود مختاری اور استحکام کی جانب گامزن بھی ہوگیا ہے۔ٹیکس نظام میں اصلاحات متعارف کرانے سے جہاں ٹیکس نیٹ وسیع ہوا ہے وہاں صوبہ ترقی کے لئے اپنے وسائل بروئے کار لانے کے قابل ہوگیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کیپرا کی جانب سے مالی سال2019-20کی پہلی ششماہی میں حاصل ہونے والی ٹیکس وصولیوں کے بارے میں یہاں سے جارے ہونے والے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ کیپرا نے امسال بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالی سال 2019-20 کے آغاز سے ہر مہینے میں پچھلے مالی سال کی نسبت دوگنا ٹیکس حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف دسمبر کے مہینے میں وفاق کی جانب سے سال 2016 کی ایڈجسمنٹ کی مد میں بشمول 1.36 ارب کے کیپرا نے کل2.66 ارب روپے کی ریکارڈ محصولات حاصل کی ہیں۔تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات کے بدولت ہی محاصل میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کیپرا کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریونیو اتھارٹی نے نہ صرف ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کیا ہے بلکہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے وقار کو بھی یقینی بنایا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقی کا حصول تب ہی ممکن ہوسکتا ہے جب ہم اپنے ہی ترقیاتی ایجنڈے کو اپنائیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب خیبر پختونخوا معاشی طور پر ایک خود مختاراور مستحکم صوبہ بن جائیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
30717