Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

دیامر: سیاحوں کی بس کھائی میں گر گئی، 6 افراد جاں بحق، وزیراعظم کا  قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار

شیئر کریں:

دیامر: سیاحوں کی بس کھائی میں گر گئی، 6 افراد جاں بحق، وزیراعظم کا  قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار

دیامر(چترال ٹایمز رپورٹ)گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سیاحوں کی بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سیاحوں کی بس کھائی میں گرنے کا حادثہ دیامر میں شاہراہِ قراقرم پر تھلچی کیمقام پر پیش آیا ہے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ سیاحوں کی بس کھائی میں گرنے کے حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس اور مقامی رضا کار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔زخمیوں اور لاشوں کو کھائی میں گری ہوئی بس سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دیامر کے بس حادثے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ حادثے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی ی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی دیامر بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کا شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار

لاہور(سی ایم لنکس)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دیامر، شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی محکموں کو امدادی کاموں میں معاونت اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے انکوائری کرانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لئے مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کی۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس 17جولائی کو طلب

گلگت بلتستان(چترال ٹایمزرپورٹ)گلگت بلتستان اسمبلی کا 22 واں اجلاس 17 جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے۔گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس 17 جولائی کو طلب کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔اسپیکر نے تمام اراکینِ اسمبلی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
76753