Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبر پختونخوا کے تمام خاندانوں کو اگلے 6 ماہ میں” صحت انصاف کارڈ” جاری کیا جائیگا۔وزیرخزانہ

Posted on
شیئر کریں:

بجٹ 2019-20 میں ” صحت انصاف کارڈ” کے توسیعی پروگرام کے لئے بھرپور وسائل مختص کئے گئے ہیں۔وزیر خزانہ
صوبائی حکومت صوبے کے ہر فرد کو مفت طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔تیمور جھگڑا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی زیر صدارت صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کے تمام خاندانوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے اور ” صحت انصاف کارڈ”پروگرام کو پورے صوبے تک توسیع دینے سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطح اجلاس محکمہ خزانہ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری فنانس شکیل قادر خان،سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سید فاروق جمیل،چیف ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ ڈاکٹر شاہد یونس،سپیشل سیکرٹری مسعود یونس کے علاوہ محکمہ صحت کے متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں ” صحت انصاف کارڈ” توسیعی منصوبے کے اجراء کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔سیکرٹری محکمہ خزانہ نے اجلاس کو صحت انصاف کارڈ” کے توسیعی پروگرام کے لئے صوبائی بجٹ2019-20 میں مختص مالی وسائل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے لئے10 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے محکمہ صحت کی جانب سے ” صحت انصاف کارڈ”کی پورے صوبے میں توسیع کے حوالے سے انتظامات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔اجلاس کوبتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سروے کے مطابق مستحق لوگوں میں کارڈز جاری کئے گئے تھے جبکہ توسیعی منصوبے کے لئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے تعاون سے کارڈز تقسیم کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام افراد کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور وسائل مختص کئے ہیں اور آئندہ 6 ماہ میں ہر خاندان کو ” صحت انصاف کارڈ” جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت اہداف کے حصول کے لئے جامع پلان کے تحت ماہانہ کی بنیاد پر کارڈز تقیسم کرنے کے عمل کی نگرانی کی جائے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کو ہیلتھ کارڈ کے اجراء پر بھی کام کررہی ہے اور بہت جلد اس سلسلے میں بھی مثبت پیش رفت متوقع ہے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ” صحت انصاف کارڈ” کے توسیعی منصوبے کے بعد خیبر پختونخوا وہ پہلا صوبہ بن جائے گا جہاں صوبے کی تمام آبادی کو طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔

انہوں نے محکمہ خزانہ اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ ” صحت انصاف کارڈ” کے توسیعی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر انتظامات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ حکومت کی جانب سے عوام سے صحت کے انصاف کے کئے گئے وعدے کو حقیقی شکل دی جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت صوبے کے عوام کو مفت طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
23442