Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) ایکٹ بین الاوزارتی اجلاس میں پیش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا صوبے کی ترقی میں عوامی شراکت داری کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے خیبرپختونخواپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ایکٹ میں ترمیم کر کے اسے مزید بہتر بنا رہاہے۔ اس مقصد کے لئے مجوزہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایکٹ کے ابتدائی خدو خال بین الاوزارتی کمیٹی کے سامنے تھی پیش کر دئے۔اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت سینیئر صوبائی وزیر برائے سیاحت، امور نوجوانان اور آثارِ قدیمہ عاطف خان کر رہے تھے جبکہ صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی اور وزیر خزانہ تیمور سیلم جھگڑا بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اٹارنی جنرل خیبرپختونخوا شمائل احمد بٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد خان بنگش، سیکریٹری پی اینڈ ڈی محمد عاطف، سیکرٹری سیاحت کامران خان اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بین الاوزارتی اجلاس میں پرانے اور مجوزہ پی پی پی ایکٹ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ پی پی پی ایکٹ کو پہلے سے مختصر، آسان اور زیادہ کارآمد بنایا گیا ہے جبکہ اس مجوزہ ایکٹ میں 50 سے زیادہ ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے بعد پی پی پی کمیٹی کے چیئرمین وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی کے بجائے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہوں گے۔ مجوزہ ایکٹ میں نئے رولز اور گائیڈ لائنز بھی شامل کی گئیں ہیں جو کہ پہلے ایکٹ میں نہیں تھیں۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ مجوزہ پی پی، ایکٹ دیگر صوبوں اور عالمی اداروں کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قوانین سے مطابقت رکھنے کے باعث یہ پہلے سے ذیادہ کارآمد اور صوبے کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ صوبائی وزیرِ بلدیات شہرام خان ترکئی کا اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجوزہ ایکٹ پہلے سے زیادہ سرمایہ کار دوست ہو گا جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ صوبائی وزیرِ خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس ایکٹ کے لاگو ہونے سے صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر بین الاوزارتی کمیٹی نے متعلقہ ادارے کو مجوزہ ایکٹ کا ڈرافٹ اور دیگر قوانین 2 ہفتوں کے اندر اندر مکمل کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
26417