Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں بجلی سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں گے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور

Posted on
شیئر کریں:

خیبرپختونخوا میں بجلی سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں گے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بجلی سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں گے ، بجلی کی غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اسلئے باہمی مشاورت سے ان مسائل کو حل کرنا ناگزیر ہے ۔ اس بات پر اتفاق پایا گیا ہے کہ نظام کے اندر جو خرابیاں ہیں جن سے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے اور اس کے علاوہ جو نقصانات ہیں اور جو بقایا جات کا مسئلہ ہے ، ان تمام مسائل پر مل کر کام کریں گے ، جو کام وفاقی محکموں کا ہے وہ کریں گے اور جو ہمارا کردار بنتا ہے ، ہم ادا کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہم سستی بجلی پیدا کرکے ملک کو دیتے ہیں اور آئندہ بھی فراہم کریں گے تاہم بجلی کے مسائل اور اس سلسلے میں عوام کے تحفظات کو بھی سمجھنے اور دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکام نے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھانے پر اتفاق کیا ہے ۔

 

مزید برآں وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کو مکمل طور پر حل کرنے کیلئے وقت لگے گا۔ تاہم وفاقی حکومت نے بھی اس دوران خیبرپختونخوا کے عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے اتفاق ظاہر کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ہمارے عوام کو درپیش مسائل کا احساس کیا ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ہم بھی وفاقی حکومت کے نقصانات کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ضرور ادا کریں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صوبے کے عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانا ہے ۔اس کے لئے ایک لائحہ عمل بنایا گیا ہے جس پر مل کر کام کریں گے ، ہم بہت جلد ان مسائل پر قابو پالیں گے اور لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے ۔

 

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری کسی ادارے سے جنگ نہیں ہے ، یہ ہمارے ادارے ہیں جتنے مضبوط ہوں گے ، پاکستان کا فائدہ ہے ۔ہمیں کسی اقدام سے اختلاف ضرور ہو سکتا ہے مگر کسی ادارے کے خلاف نہیں ۔ ہمارے درمیان جو سیاسی اختلافات یا تحفظات ہیں وہ اپنی جگہ پر ہیں اور عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں، اُن معاملات کو اس کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی کہا کہ بجلی سے متعلق مسائل کے ازالے کیلئے سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جو نہایت خوش آئند بات ہے ۔اس سلسلے میں اچھے طریقے سے مشاورت کی گئی ہے اور جو لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے اس پر عمل درآمد کے بہترین نتائج نکلیں گے ۔ اسی لائحہ عمل کو دیگر صوبوں میں اختیار کیا جائے گا۔

 

chitraltimes cm kp gandapur meeting with fm energy and interior 1

 

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا گزشتہ روز ضلع خیبر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوراں فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے پانچ جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار اور لواحقین سے تعزیت

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز ضلع خیبر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوراں فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے پانچ جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرکے جام شہادت نوش کیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں،ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے ان بہادر جوانوں کی قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے،سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی
اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کا ہر فرد سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

 

دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے ضلع شانگلہ کے علاقہ پیر آباد پاگوڑئ میں پیش آنے والے ٹریفک کے المناک حادثے میں بچوں سمیت متعدد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلی نے حادثے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو حادثے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اس افسوسناک حادثے میں بچوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا اور وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
89444