Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخواٹاسک فورس برائے توانائی کااجلاس،ریکوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنیکی ہدایات

شیئر کریں:

خیبرپختونخواٹاسک فورس برائے توانائی کا اہم اجلاس،ریکوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کی ہدایات،

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوامیں بجلی کے ناجائزاستعمال کے تدارک اوربجلی صارفین سے واجبات کی وصولی کے لئے جاری مہم میں مزید تیزی لاتے ہوئے ایسے بجلی صارفین جوبلوں اوربقایاجات کی ادائیگی کررہے ہیں کے خلاف ایف آئی آردرج نہ کرنے اوران علاقوں میں جہاں صارفین سے ریکوری تیزی سے جاری ہے وہاں لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔خیبرپختونخواٹاسک فورس برائے توانائی کی زیرنگرانی جاری آپریشن کے پندرہ دنوں کے مختصرعرصے میں 7ہزار454سے زائد کنڈہ کلچرمیں ملوث ملزموں کے کنکشن منقطع کئے گئے ہیں جبکہ جرمانوں اوربقایاجات کی مد میں اب تک 15کروڑروپے سے زائد کی وصولی کی گئی ہے۔

 

اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ وقبائلی امورمحمد عابد مجید جوکہ صوبائی ٹاسک فورس کے سربراہ بھی ہیں کی صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے توانائی کا دوسرااہم اجلاس منعقد ہواجس میں ڈویژنل کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز،ضلعی پولیس سربراہان،سیکرٹری توانائی،سیکرٹری انڈسٹریز،چیف ایگزیکٹو پیسکوسمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 5ستمبرسے اب تک صوبے کے مختلف اضلاع میں پیسکو،ضلعی انتظامیہ اورپولیس کے مشترکہ طورپر گلی گلی،محلوں اوربازاروں میں 3ہزارسے زائد چھاپے مارے گئے جہاں پر بجلی کے ناجائز استعمال میں ملوث بڑے بڑے کمرشل وگھریلوں صارفین سمیت کنڈہ مافیاکے 5ہزارسے زائدکنکشن کاٹ دیئے گئے جبکہ 3ہزارسے زائد ملزمان کے خلاف تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے ان میں سینکڑوں افرادکوگرفتاربھی کیا گیاہے۔ اجلا س میں بتایا گیاکہ جاری آپریشن میں مختلف اضلاع میں بڑے بڑے ہوٹلوں، کاروباری مراکز،فیکٹریوں سمیت پوش علاقوں میں بنگلوں اورکوٹھیوں میں بھی کنڈہ مافیاکے خلاف ٹیموں نے ہفتہ اتوارکی چھٹی کے باوجود بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے ان کے کنکشن منقطع کئے اوران سے کروڑوں کی ریکوری کی۔

 

اجلاس میں پیسکوچیف قاضی طاہرنے بتایاکہ نادہندہ بجلی صارفین کوبقایاجات کی اقساط پرادائیگی کے لئے طریقہ کارکی منظوری دی گئی ہے جبکہ 30ستمبرکے بعدپیسکوکوایک لاکھ میٹرزبھی مہیاہوجائیں گے جوصارفین کوآسان طریقہ کارکے تحت لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مختلف سرکاری محکموں کے ذمے واجبات کی ادائیگی کے لئے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ اجلا س میں ٹاسک فورس کے سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد عابد مجید نے پیسکو،ضلعی انتظامیہ اورپولیس حکام کی جانب سے نیشنل کاز کے لئے آپریشن میں اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا اورزوردیا کہ آپریشن میں مزید تیزی لاتے ہوئے ریکوری کے اہداف اوربجلی کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لئے عوام میں آگاہی مہم جاری رکھی جائے۔ اجلاس میں آپریشن کی کامیابی کے لئے مختلف تجاویزبھی پیش کی گئیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79338