Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خصوصی بچوں کی دیکھ بھال، نگہداشت معاشرے کے تمام طبقات کی اجتماعی ذمہ داری ہے. غلام علی

شیئر کریں:

خصوصی بچوں کی دیکھ بھال، نگہداشت معاشرے کے تمام طبقات کی اجتماعی ذمہ داری ہے، گورنرحاجی غلام علی
گورنر کا اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد کا دورہ،خصوصی بچوں کے لیے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کا معائنہ
گورنرنے ہلال احمر کی جانب سے خصوصی بچوں کیلئے 10 ویل چیئرز،600 گفٹ پیک اور 2 فرسٹ ایڈبکس اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے حوالے کئے

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ دنیا بھر میں خصوصی بچوں کو ایک خصوصی مقام اور خصوصی توجہ دی جاتی ہے، ہمارا معاشرہ اسلامی معاشرہ ہے اور اسلامی اقدار ہمیں درس دیتی ہے کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال اورنگہداشت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ صوبے کے تمام خصوصی بچے میرے دل کے بہت قریب ہیں، اُن کی پرورش، نگہداشت اور انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے تمام سہولیات کی فراہمی اپنا اولین مقصد سمجھتاہوں۔ یہی وجہ ہے کہ خصوصی بچوں کو گورنرہاؤس میں خصوصی طور پر مدعوکیاتھا اور اُن کو گورنرہاؤس میں ایک گھر جیسا ماحول فراہم کیاتھا تاکہ اُن کے چہروں پر خوشیاں بکھیرسکوں۔

 

یہ بات انہوں نے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد کے دورہ کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ گورنرنے اس موقع پر پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کی جانب سے خصوصی بچوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ کامعائنہ بھی کیا۔گورنرخیبرپختونخوا کی ہدایت پر اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں سپشلائزڈ ڈاکٹرز کی نگرانی میں 300 سے ذائد بچوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ گورنرنے ہلال احمر کیجانب سے خصوصی بچوں میں 10 ویل چیئرز، 2 فرسٹ ایڈ بکس اور 600 گفٹ پیک بھی تقسیم کیے۔ سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے دورہ کے دوران گورنرحاجی غلام علی خصوصی بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور اُن سے پیار اورشفقت کا اظہارکیا اور میڈیکل کیمپ میں دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں سے خصوصی بچوں کو علاج معالجہ کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔انہوں نے اس موقع پر محکمہ سماجی بہبود اور ایجوکیشنل کمپلیکس کے منتظمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ بچے ہم سب کے بچے ہیں، انہیں معاشرے کا بہترین شہری بنانے کیلئے تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے ادارے کو فنڈز کی دستیابی سمیت کوئی بھی مسائل درپیش ہوں، تو اُن کا فوری حل نکالاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ تمام تر بنیادی ضروری اشیاء کی فہرست مرتب کرکے فراہم کی جائے تاکہ ان اشیاء کی فراہمی جلد ازجلد یقینی بناسکوں۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ سماجی بہبود اور کمپلیکس کے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پرانحصار کرنے کی بجائے معاشرے کے صاحب ثروت افراد سے اپنا رابطہ قائم رکھیں،کیونکہ ہمارے معاشرے میں ایسے افراد کی کمی نہیں جو خدمت خلق کاجذبہ رکھتے ہوں۔

 

واضح رہے کہ خصوصی بچوں کیلئے میڈیکل کا اہتمام گورنرحاجی غلام علی کی ہدایت پر کیاگیاتھا، جب خصوصی بچوں نے گورنرہاؤس کا دورہ کیا تھا، اس دورہ کے دوران گورنرنے بچوں میں کچھ بیماریوں کا نوٹس لیا تھاجس پرہلال احمر کو ہدایت کی گئی تھی کہ خصوصی بچوں کیلئے جلد ازجلد میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جائے۔ علاوہ ازیں گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے خیبرپختونخوا پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن اینڈ کیریج کنٹریکٹرز اور صوبائی ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے نمائندہ وفود نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور درپیش مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنرنے وفود کو مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء سینٹ کے سابق چیئرمین نیئر حسین بخاری نے بھی گورنر حاجی غلام علی سے گورنرہاؤس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

Governor KP Visit Hayatabad special education


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71316