Chitral Times

Jun 21, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت نے ملک بھرمیں کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے باعث پابندیاں ختم کرنیکا اعلان کردیاہے،اسد عمر

شیئر کریں:

حکومت نے ملک بھرمیں کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے باعث پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیاہے، اسد عمر

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک بھرمیں کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے باعث پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیاہے۔بدھ کو این سی او سی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں کوروناسے متعلق تمام پابندیاں ختم کردی گئی ہیں، تاہم ویکسین لگوانے سے متعلق پابندیاں برقرار رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی نظرآرہی ہے، ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں بھی کمی ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کو جیسے ہینڈل کیا اس کو پوری دنیا نے بھرپورانداز میں سراہا ہے۔ ملک میں 70فیصد افرادکی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے۔ کورونا وبا سے نکل کر معمول کی زندگی کی طرف جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے دوران جتنی پابندیاں لگائی تھیں وہ ختم کی جا رہی ہیں، شادی تقریبات، مارکیٹس پر لگی تمام پابندیاں ختم کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام الناس کو خبر دار کیا کہ کورونا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، ویکسین لگوانے کی پابندی برقرار رہے گی۔ اسدعمر نے کہاکہ این سی او سی کی ہدایات پر بہت حد تک عمل کیا گیا، سوچ سمجھ کر معمول کی زندگی کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی سے ملک کے ہیلتھ سسٹم پر دباؤ کم ہو ا ہے، وبا ؤکو مسلسل مانیٹر کرتے رہیں گے، ڈاکٹر فیصل سلطان

اسلام آباد(سی ایم لنکس) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے تاہم ابھی تک مکمل طور پر یہ وبا ختم نہیں ہوئی، اس لئے عوام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمدجاری رکھیں اور ماسک کا استعمال کریں۔بدھ کو این سی او سی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے ملک کے ہیلتھ سسٹم پر جو دباؤ تھا اس میں کافی حد تک کمی آئی ہے اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں بھی کووڈ۔19 کے مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم پھر بھی اس وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے مکمل مانیٹرنگ کرتے رہیں گے۔انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو مکمل کریں اور اس وبا کے خلاف مروجہ احتیاطی تدابیر جن میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ کو جاری رکھیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
59430