Chitral Times

Jun 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرادی

Posted on
شیئر کریں:

حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو بجلی مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) جائزہ مشن کے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے، جس میں وزارت توانائی کی جانب سے بجلی مزید 7 روپے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی کی بنیادی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ تک اضافے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں نیپرا کی جانب سے ملٹی ائیر ٹیرف میں اضافے کے بعد بنیادی ٹیرف بڑھے گا، جس کے تحت کم سے کم قومی اوسط ٹیرف 29 روپے سے بڑھا کر 36 روپے کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لائف لائن صارفین کے سوا باقی تمام سلیبز کے لیے بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ اس وقت 50 یونٹ والے لائف لائن صارفین کے لیے بجلی کی بنیادی قیمت 3 روپے 95 پیسے فی یونٹ ہے۔ 51 سے 100 یونٹ والے صارفین کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 74 پیسے فی یونٹ ہے۔بجلی کی بنیادی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے متوقع ہے۔علاوہ ازیں تیسرے روز جاری مذاکرات میں ایف بی آر ریفارمز،ایکسچینج مارکیٹ ریفارمز سمیت دیگر امور زیر غور ہیں۔ اس دوران آئی ایم ایف حکام کو بی کیٹیگری ایکسچینج کمپنیوں کو سبسڈریز کی ایکسچینج کمپنیوں میں انضمام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کو اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس قوانین میں ترامیم کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں نئے ویلیو ایشن متعارف کروانے اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے سمیت پوائنٹ آف سیل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔دوسری جانب پاور ڈویڑن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز پر بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ پاور ڈویڑن کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ میٹنگ میں قیمتیں بڑھانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔

گورنر خیبرپختونخوا کے اپنی رہائشگاہ ”کے پی کے ہاؤس“ آنے پر پابندی

پشاور(سی ایم لنکس) گورنر خیبر پختونخوا کے اپنی رہائش گاہ کے پی کے ہاؤس آنے پر پابندی لگادی گئی۔وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ”خیبر پختونخوا ہاؤس“اسلام آباد آنے پر پابندی لگادی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر کی رہائش گاہ اپنی تحویل میں لے لی ہے، جس کے بعد وہاں سے گورنر کا سامان بھی نکال دیا گیا ہے۔ گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی اب ”خیبر پختونخوا ہاؤس“ میں اپنی انیکسی استعمال نہیں کر سکیں گے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے متعلقہ عملے کو بھی آگاہ کردیا ہے۔دوسری جانب ترجمان پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کے پی کے ہاؤس میں گورنر کے لیے مختص بلاک ختم کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا۔ خیبر پختون خوا کابینہ میں وزرا اور ارکان اسمبلی کے لیے رہائش کا مسئلہ درپیش تھا۔ گورنر انیکسی فی الحال ارکان صوبائی اسمبلی اور وزرا استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کے لیے کے پی ہاؤس میں متبادل رہائشی بندوبست کیا جارہا ہے۔ گورنر فی الحال سندھ ہاؤس میں قیام کا بندوست کریں اور دل نہ ہاریں، سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی ایم پی اے کی طرح کے پی ہاؤس میں ان کا داخلہ بند نہیں کریں گے۔گورنر کے اسلام آباد میں کئی گھر ہیں، ان کے لیے اسلام آباد میں رہائش کی کوئی کمی نہیں ہے۔دریں اثنا گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی ہاؤس میں گورنر کی انیکسی کو بند کرنا غیر آئینی ہے۔ میں گورنر ہاؤس میں کسی وزیر اعلیٰ کی آمد پر پابندی نہیں لگاؤں گا۔ سیاسی جنگیں سیاسی میدان میں لڑیں گے۔واضح رہے کہ گورنر اور وزیراعلیٰ پختونخوا کے درمیان اختلافات اور لفظی جنگ ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے کے بعد اب عملی اقدامات میں تبدیل ہو چکی ہے اور اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ”خیبر پختونخوا ہاؤس“اسلام آباد آنے پر پابندی لگادی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
88886