Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حلقہ خواتین جماعت اسلامی چترال کے زیراہتمام ضلع کی اراکین و کارکنان کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد

شیئر کریں:

حلقہ خواتین جماعت اسلامی چترال کے زیراہتمام ضلع کی اراکین و کارکنان کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ضلع چترال کے زیر اہتمام ناظمہ ضلع طاہرہ عبد الرحیم کی زیر صدارت ضلع چترال کی اراکین و کارکنان کا دو روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد”مرحبا ہاوس” گہتک دینین میں ہوا۔ پروگرام میں ناظمہ ضلع،نائب ناظمہ،دیگر شعبوں کی نگرانات،اراکین و کارکنان کے علاوہ دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممبران نے بھی شرکت کی۔پروگرام کا با قاعدہ اغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔درس قران و درس حدیث ،دعوت دین کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال ،رکن تحریک کا ستون،مطالعہ کیوں اور کیسے،تحریک کا دستور کے عنوان سے پروگرامات ہوئے۔۔میرا گھر میری جنت اور وی سی میں ممبر سازی کے عنوانات پر ورکشاپ بھی کروائے گئے۔پروگرام میں شریک ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ ضلع نے دعوت دین کی اہمیت بیان کرتے ہوئےکہا کہ اللہ تعالیٰ نے کلام پاک میں نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کے سلسلے میں متعدد آیات اپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والی امت مسلمہ کو مخاطب کر کے نازل فرمائی ہے۔سورہ العمران ایت نمبر 104 میں ارشاد ہوا ہے:”(اے مسلمانو!)تم میں کچھ لوگ تو ایسے ضرور ہونی چاہئیں،جو نیکی کی طرف بلائیں،بھلائی کا حکم دیں اور برائیوں سے روکتے رہیں،جو لوگ یہ کام کریں گے وہی فلاح پائیں گے۔”


اسی سورت میں ایت نمبر 110 میں فرمایا گیا ہے”(اے مسلمانو!)تم وہ بہترین گروہ ہو جسے انسانوں کی ہدایت اور اصلاح کے لیے میدان میں لایا گیا ہے۔تم نیکی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے روکتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو۔اس کے علاوہ بھی کئی سورتوں میں دعوت دین کے لیے امت مسلمہ کو مخاطب کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ الحمدللہ جماعت اسلامی اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان ہدایات پر عمل پیرا ہے اور دعوت دین کا کام ہر اس میدان سے کر رہا ہے جہاں سے لوگوں تک پہنچنے میں اسانی ہو۔بحیثیت ایک مسلمان عورت اور ایک داعی ہمارا ہر عمل ہر میدان میں دیکھنے اور سننے والے کو دعوت دے رہا ہوتا ہے اس لیے ہم پر لازم ہے کہ ہر ان اوصاف کو اپنا کر جو ایک داعی کے لیے ضروری ہیں دعوت دین کا حق ادا کرنے کی کوشش کریں۔

اللہ تعالیٰ اقامتِ دین کے لیے کی گئی ہماری کوششوں کے مقدار کو نہیں دیکھتا بلکہ ہماری اخلاص اور نیت کو دیکھتا ہے۔اس لیے دین اسلام کے لیے کی گئی اپنی کوششوں کو کم نہ سمجھیں بلکہ اس بات پر خوش ہو جائیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کی اشاعت کے لیے اپ کو چنا ہے اور اللہ تعالیٰ کا چناؤ بہت خاص ہوتا ہے۔دعوت دین کے لیے سوشل میڈیا کا درست استعمال پر بات کرتے ہوئے آئی ٹی نگران نے کہا کہ سوشل میڈیا دعوت کا ایک وسیع میدان ہے جہاں جدید سہولیات کے ساتھ اس کا استعمال پاکستانی معاشرے میں بہت تیزی سے وسعت پزیر ہے۔

دیگر ایجادات کی طرح سوشل میڈیا جیسے فیس بُک،ٹوئٹر،واٹس ایپ اور وائبر کا استعمال بھی اچھائی اور برائی دونوں طرح کے کام میں ہو سکتا ہے ہمیں چاہئے کہ ان وسائل کے استعمال کا صحیح طریقہ جانیں ۔سوشل میڈیا پر بھی شریعت کے وہی احکامات لاگو ہوتے ہیں جو بحیثیت مسلمان اسلام نے ہم پر عائد کیے ہیں۔ہمیں اپنی داعیانہ حیثیت کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی زبان کا استعمال اور الفاظ کا چناو کرنا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر زمہ داران نے بھی اپنے اپنے موضوعات ہر پروگرام کیے۔اس موقع پر نئے اراکین سے حلف بھی لیا گیا۔ اخر میں تربیت پانے والے تمام کارکنان و اراکین نے پروگرام کے بارے میں اپنی اپنی تصورات پیش کیے یوں پروگرام کا اختتام ملک کی سالمیت ،اقامت دین اور جماعت اسلامی کی کامیابی نئے اراکین کے لیے استقامت کی دعا سے ہوا۔

chitraltimes ji khawateen wing meeting chitral

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
56959