Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جی بی کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت پیرسید کرم علی شاہ انتقال کرگئے

شیئر کریں:

اشکومن(کریم رانجھا) ؔ شرافت کی سیاست کا سور ج غروب ہوگیا،لگ بھگ پینتالیس سال تک سیاسی میدان میں ناقابل شکست رہنے والے امن کے داعی،مذہبی راہنما پیر سید کرم علی شاہ آج بروز منگل اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئے،مرحوم کا شمار گلگت بلتستان کے بے داغ سیاستدانوں میں ہوتا تھا،اسماعیلی مذہب کے لئے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔پیر کرم علی شاہ کے اجدادایران سے دعوت کے سلسلے میں افغانستان اور بعد ازاں چترال اور وہاں سے چٹورکھنڈ اشکومن میں قیام پذیر ہوئے۔ان کے خاندان کا شمار اسماعیلی مذہب کے داعیوں میں سے تھا جن کے سبب گلگت بلتستان خصوصاََ پونیال کی بیشتر آبادی اسلام کے تعلیمات سے روشناس ہوئی، اپنے والد محترم پیر سید جلال شاہ کے وفات کے بعد پیر کرم علی شاہ مرحوم نے دعوت کا کام جاری رکھا اور آج ان کے مریدوں کی تعداد ہزاروں میں ہیں،مذہبی خدمات کے عوض ہز ہائی نس پرنس کریم آغا خان کی جانب سے ان کو عالیجاہ اور حضور مکھی کا ٹائٹل ملا۔وہ ہر مکتبہ فکر کے لئے قابل قبول شخصیت تھے۔سیاسی میدان کا ذکر کریں تو1974سے 2014تک غذر کے موجودہ حلقہ جی بی ایل اے 19غذر1کے بلاشرکت غیرے حاکم رہے،کبھی مشاورتی کونسل کی ممبر کی حیثیت سے تو کبھی ناردرن ایریاز قانون ساز کونسل اور گلگت بلتستان کے پہلے ڈپٹی چیف ایگزیکیٹو اور بعد ازاں گورنر گلگت بلتستان کی حیثیت سے اپنا بہترین کردار ادا کیا۔2016کے بعد عملی سیاست سے کنارہ کش ہوگئے اور اپنے مریدوں کے خدمت میں مصروف عمل رہے۔پیر کرم علی شاہ گزشتہ کافی عرصے سے جوڑوں کی تکلیف میں مبتلا تھے،گزشتہ دنوں تکلیف بڑھ جانے کے باعث گلگت منتقل کیا گیا تھا جہاں سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا،آج (منگل) کی صبح خالق حقیقی سے جاملے،پیر کرم علی شاہ نے لواحقین میں چار بیٹیاں،تین بیٹے اور دو بیوگان شامل ہیں۔

pir karam ali shah passes away 1
pir karam ali shah namaz janaza 1

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
38518