Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جوبلی لائف انشورنس نے روش پاکستان کے ساتھ کینسر انشورنس پلان کیلئے اشتراک کا اعلان کردیا

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کینسر کا شکار ہے اور ایک اندازے کے مطابق ملک میں ہر سال ایک لاکھ 70 ہزار افراد میں کینسر کی تشخیص ہوتی ہے تاہم علاج مہنگا ہونے کی وجہ سے لوگوں کی معیاری علاج تک رسائی محدود ہی رہتی ہے ہیں۔ اس کے سددباب کے لئے جوبلی لائف انشورنس نے ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے کینسر پروٹیکشن پلان کی پارٹنرشپ کے اعلان کے لئے روش پاکستان (Roche Pakistan) کے اشتراک سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، دونوں کاروباری اداروں کی انتظامیہ کے سینئر حکام، سفارتکار، اہم شخصیات سمیت سرکاری حکام نے شرکت کی۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ پلان کینسر کے ابتدائی اسٹیج سے لیکر بعد کے اسٹیج تک 100 فیصد تک علاج میں آسانی فراہم کرتا ہے۔ اس پلان میں کم سے کم پریمیئم کا آغاز 735 روپے سے ہوتا ہے جو صنف، پلان کی مدت اور عمر کی بنیاد پر مشروط ہے۔ اس پلان کی مدت 10 سال سے لیکر 47 سال تک ہوسکتی ہے جو زیادہ سے زیادہ 65 سال کی عمر تک میچورٹی پر مشروط ہے۔ اس پلان کے تحت روش پاکستان مریضوں کو تعاون فراہم کرنے والے پروگرام (Patient Support Program) میں ہر طرح کی پالیسیاں رکھنے والوں تک وسعت لا رہا ہے تاکہ کینسر کے علاج میں مالی مشکلات پر قابو پایا جاسکے۔ اس اشتراک کے تحت جوبلی لائف کا کینسر پروٹیکشن پلان عام کینسر سے لیکر انتہائی نایاب اقسام کے کینسر کے امراض کا وسیع پیمانے پر احاطہ کرتا ہے اور 25 فیصد رعایت سے علاج کی سہولت پیش کرتا ہے۔

اس شراکت داری کے تصور پر اظہار خیال کرتے ہوئے جوبلی لائف انشورنس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او جاوید احمد نے کہا، ” اس پرمسرت موقع پر ہمارے ساتھ شامل ہونے اور اس اہم کام میں تعاون فراہم کرنے پر میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی صاحب کا انتہائی مشکور ہوں۔ کینسر سے نبرد آزما مریض کو نہ صرف انتہائی خوفناک حالات سے گزرنا پڑتا ہے بلکہ ان کا پورا گھرانا اور انکے پیارے بھی تکلیف سے گزرتے ہیں۔ اس لئے جوبلی لائف نے اس پلان کو اس طرح تیار کیا ہے کہ کینسر کے مریضوں کو علاج میں زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کیا جائے۔ہم پرامید ہیں کہ یہ اقدام کینسر سے نبرد آزما ان تمام بدقسمت افراد کے علاج کے لئے بہت اہم ثابت ہوگا۔ میں روش پاکستان کو جوبلی کے ساتھ مل کر اس اہم کام میں وسعت لانے پر انتہائی مشکور ہوں۔ ہم پاکستان بھر میں لوگوں کو صحت کی حفاظت فراہم کرنے کے لئے اکھٹے کام جاری رکھیں گے۔”

روش پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ ریحان نے کہا، “جوبلی لائف نے صحت عامہ کی انشورنس میں تاریخ ساز قدم اٹھایا ہے۔ کینسر ایک جان لیوا بیماری ہے جس سے مریض کو مالی پریشانی کے علاوہ جذباتی طور پر بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ روش پاکستان کو اس عظیم کام میں تعاون فراہم کرنے پر فخر ہے جس کے نتیجے میں کینسر کے مریضوں پر پڑنے والے دباؤ میں موثر انداز سے کمی آئے گی۔”

جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے جو ایشیا اور مشرقی افریقہ کی مارکیٹوں میں مختلف انشورنس پالیسیاں برائے زندگی، صحت اور جنرل بھی پیش کرتا ہے اور پاکستان کے نجی شعبے کی لائف انشورنس کمپنیوں میں سب سے آگے ہے۔ گزشتہ 5 سالوں میں 38 فیصد کی اوسط ترقی کے ساتھ جوبلی لائف انتہائی منافع بخش اور اسٹاک ایکسچینج میں قابل ذکر لائف انشورنس کمپنی ہے۔

روش عالمی سطح پر ایک صف اول بایو ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور فارماسیوٹیکلز اور ڈائگنوسٹک کے میدان میں پیش پیش ہونے کے ساتھ جدید سائنس میں ترقی کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز ہے۔ گزشتہ 35 سال سے روش پاکستان اونکولوجی، امیونولوجی، انفیکشن پھیلانے والی بیماریاں، افتھالمالوجی اور مرکزی اعصابی نظام کی بیماریوں کا نمایاں انداز سے ادویات فراہم کرچکا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
28877