Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جن سکولوں میں بورڈ امتحان میں طلباء کے پاس ہونے کی شرح بہت کم یا غیر تسلی بخش ہے ان کے سربراہ کے خلاف کاروائی کی جائے۔ چیف سیکرٹری

Posted on
شیئر کریں:

جن سکولوں میں بورڈ امتحان میں طلباء کے پاس ہونے کی شرح بہت کم یا غیر تسلی بخش ہے ان کے سربراہ کے خلاف کاروائی کی جائے۔ چیف سیکرٹری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کا اجلاس پیر کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گڈ گورننس اقدامات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ روزمرہ سرکاری امور کی بہتر انجام دہی کے لئے تمام انتظامی سیکرٹریز الیکشن کمیشن کی احکامات پر عمل کریں۔ عوامی فلاح و بہبود کیلئے گڈ گورننس اقدامات جاری رکھے جائیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سرکاری امور رولز آف بزنس اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق چلائے جائے جبکہ جہاں کہیں بہت زیادہ ضرورت ہو وہاں الیکشن کمیشن سے پیشگی اجازت لے کر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری سے چار مہینے کے اخراجات کیلئے پلان بنارہے ہیں۔

 

چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ذریعے سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کی مانیٹرنگ سخت کرے۔ اسی طرح جن سکولوں میں بورڈ امتحان میں طلباء کے پاس ہونے کی شرح بہت کم یا غیر تسلی بخش ہے ایسے ادارے کے پرنسپل یا سربراہ کے خلاف کاروائی کی جائے۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے مزید ہدایت کی کہ سکول کے بچوں کو میٹرک کرنے تک کوئی ایک سکل/ہنر سکھایا جائے۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم سرکاری سکولوں میں بچوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لئے ہر ضلع میں ٹیوٹا کے تعاون سے پروگرام شروع کرے۔ ایسے اقدامات سے تعلیم کے ساتھ ساتھ بچے تکنیکی مہارت بھی حاصل کرسکیں گے۔ ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے اجلاس کو مارچ، اپریل اور مئی کے مہینے میں محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے اعداد و شمار پر بریفنگ دی۔

 

انہوں نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سول سیکرٹریٹ کے 28 فیصد سیکشنز میں فائل ٹریکنگ سسٹم کو استعمال کیا جا رہا ہے جو گزشتہ چند ماہ مقابلے میں زیادہ ہے۔چیف سیکرٹری نے سختی سے ہدایت کی کہ فائل ٹریکنگ سسٹم کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ مزید بتایا گیا کہ پاکستان سیٹزن پورٹل پر اب تک موصول 98 فیصد شکایات کو حل کیا گیا ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر 55 فیصد سے زائد شہری شکایات کے حل سے مطمئن ہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل پر مختلف محکموں کے خلاف زیر التوا شکایات کو جلد نمٹایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے ندی، نالوں اور دریاؤں کے اطراف میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے موسم میں آبی گزر گاہوں میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

 

عام انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کیلئے فہرستیں تیار

اسلام آباد(سی ایم لنکس) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں عام انتخابات کی تیاریوں بارے اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی الیکشن کمشنرز نے عام انتخابات سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کی فہرستیں تیار ہیں، عام انتخابات میں ریٹرننگ افسران بیوروکریسی سے ہوں گے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75835