Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جامعہ چترال اور پشاور کی سینٹ اجلاس، آئندہ مالی سال کا سالانہ بجٹ منظورکرلیا گیا

Posted on
شیئر کریں:

جامعہ چترال اور پشاور کی سینٹ اجلاس، آئندہ مالی سال کا سالانہ بجٹ منظورکرلیا گیا

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبائی وزیربرائے اعلٰی تعلیم کامران بنگش (پروچانسلر) کی زیرصدارت یونیورسٹی آف پشاور اور یونیورسٹی آف چترال کی سینٹ کے آئندہ مالی سال 2022-23 کے سالانہ بجٹ سے متعلق دوسری بار گورنر ہاؤس پشاور میں جمعرات کے روز الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ اس سے قبل مذکورہ دونوں یونیورسٹیوں کے بجٹ منظوری سے متعلق سینٹ اجلاس 14 جون کو گورنرہاؤس میں منعقد ہوئے تھے لیکن بعض تکنیکی وجوہات کے باعث بجٹ منظور نہیں کیاگیاتھا۔

دوسری بار منعقدہ یونیورسٹی آف پشاور کے سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر کی جانب سے مالی سال 2022-23 کا بجٹ منظوری کیلئے پیش کیاگیا جس کی سینٹ اجلاس میں اصولی طور پر منظوری دے دی گئی تاہم بجٹ سے متعلق سینٹ اراکین کے نکات و تحفظات کاازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ پشاور یونیورسٹی کا بجٹ برائے مالی سال 2022-23 باقاعدہ یونیورسٹی سینڈیکیٹ سے ہوکرسینٹ کے سامنے پیش کیاگیا۔ اجلاس میں پشاور یونیورسٹی کے اثاثوں،جائیدادوں بشمول پیوٹاہال کے استعمال، الاٹمنٹ اور جعلی ڈگریوں کے اجراء سے متعلق حقائق سامنے لانے کیلئے پراونشل انسپکشن ٹیم سے انکوائری کرانے کا بھی فیصلہ کیاگیا جوکہ حقائق پر مبنی اپنی رپورٹ 45 روز میں تیارکرکے پیش کرے گی۔

اجلاس میں پشاور یونیورسٹی میں مالی خسارے کو کم کرنے کیلئے یونیورسٹی کودو مہینوں کے اندر اندر مالی وسائل بڑھانے کامنصوبہ بھی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ یونیورسٹی کے اپنے مالی وسائل میں اضافے کیلئے ریسرچ اور کمرشلائزیشن کو فروغ دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر برائے اعلٰی تعلیم کامران بنگش کا کہناتھاکہ صوبائی حکومت مشکل معاشی حالات میں پشاور یونیورسٹی کو اب تک 700 ملین روپے کے لگ بھگ گرانٹ دے چکی ہے جس کا واحد مقصد صوبے کی بڑی اعلی تعلیمی درسگاہ کو معاشی مسائل سے نکالنا تھا۔

 

اسی طرح یونیورسٹی آف چترال کے دوسری بارمنعقدہونیوالے سینٹ اجلاس میں گذشتہ اجلاس کی ہدایات کی روشنی میں بجٹ کا دوبارہ مشترکہ جائزہ لینے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کی جانب سے یونیورسٹی کا ریشنلائزڈ بجٹ منظور کرلیاگیا اور اتنے کم وقت میں سینٹ اراکین کے تحفظات دور کرنے اور تجاویز کی روشنی میں بجٹ تیارکرنے پر کمیٹی اراکین کی کارکردگی کوبھی سراہاگیا۔

سینٹ کے الگ الگ اجلاسوں میں پشاور سے رکن صوبائی اسمبلی پیر فدا، چترال سے رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ، مذکورہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس، پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ،سپیشل سیکرٹری محکمہ اعلٰی تعلیم راشدپائندہ خیل، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر سیف الاسلام،محکمہ خزانہ،محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں سمیت سینٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

University of Peshawar Senate meeting chitraltimes


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
63024