Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا عمل جاری، پہلے اپنی گندم بعد میں پنجاب کی گندم. وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

Posted on
شیئر کریں:

تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا عمل جاری، پہلے اپنی گندم بعد میں پنجاب کی گندم. وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے صوبے کے کاشتکاروں سے گندم خریداری پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گندم خریداری دو مہینے تک جاری رہے گی جس پر 29 ارب روپے خرچ ہوں گے۔منگل کے دن میڈیا کو خصوصی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری کا عمل شروع ہوگیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کل 8 مئی کو ڈیر اسماعیل خان میں مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری کے عمل کا افتتاح کرینگے انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے گوداموں میں تقریبا 55 ہزار میٹرک ٹن کی گنجائش ہے۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے مزید کہا کہ تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدیں گے جن کی مجموعی مالیت تقریبا 29ارب روپے بنتی ہے خریداری کے عمل کو مزید شفاف بنانے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے دس دن خیبرپختونخوا کے مقامی کاشتکاروں اور اسکے بعد پنجاب کے کاشتکار وں سے گندم خریدی جائیگی اور یہ عمل پورے دو مہینے تک جاری رہے گا۔

 

گندم خریداری کے عمل کی شفافیت پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ مقامی کاشتکاروں سے گندم کی خریداری کے تمام عمل کو شفاف بنانے کیلئے گوداموں میں کیمروں کی تنصیب ٗشکایات کیلئے مانیٹرنگ کنٹرول روم کا قیام اور24 گھنٹے میں کاشتکاروں کو ادائیگی جیسے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن کاعمل ختم کردیا ہے، خریداری مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی،خریداری ایپ کا استعمال، پہلے آئیں پہلے پائیں کے بنیادی اصول طے کئے گئے ہیں۔گندم معیار جانچنے کا دیتے ہوئے صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے گندم خریداری کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے گندم کے معیارکو جانچنے کے لئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کردی ہیں جن میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر، ضلعی انتظامیہ،ریونیو ڈیپارٹمنٹ، فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندہ ارکان ٗ محکمہ نیب اور اینٹی کرپشن کے اہلکار بحیثیت آبزرور شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کیلئے ٹیلی فون نمبر 091-9225379 پر شکایات سیل بھی قائم کیا گیا ہے اسکے علاوہ خریداری ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے جس سے موقع ہی پر پر تمام ریکارڈ کا اندراج آن لائن کیا جاسکے گا۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ کاشتکاروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہوتو وہ شکایات سیل سے ہر وقت رابطہ کرسکتے ہیں جو ضلع،صوبائی سطح ٗمحکمہ خوراک ٗوزیر اعلیٰ ہاؤس اور صوبائی وزیر خوراک کے دفاتر میں قائم کئے گئے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
88496