Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تین روزہ سالانہ شندور پولو فیسٹیول جمعہ 28 جون کو شروع ہوگا،دنیاکی بلندترین پولو گراؤنڈ پر اس شاندار میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔ مشیر سیاحت زاہد چن زیب  

Posted on
شیئر کریں:

تین روزہ سالانہ شندور پولو فیسٹیول جمعہ 28 جون کو شروع ہوگا،دنیاکی بلندترین پولو گراؤنڈ پر اس شاندار میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔ مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی زیرصدارت اجلاس

 

shandur ground
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) اپر چترال میں تین روزہ سالانہ شندور پولو فیسٹیول جمعہ 28 جون کو شروع ہوگا جس میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے جبکہ سطح سمندر سے بارہ ہزار فٹ اونچے دنیا کی سب سے بلند ترین شندور پولو گراؤنڈ پر چترال اور گلگت بلتستان کی پولو ٹیموں کے مابین کھیلے جانیوالے اس عظیم الشان سپورٹس گالا میں دونوں صوبوں کے علاؤہ وفاقی حکومت کی نمائندگی اور غیر ملکی سیاحوں کی بھرپور شرکت بھی متوقع ہے۔

 

 

اس ضمن میں تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے پشاور میں وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سیاحت محمد بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت اور دیگر متعلقہ حکام کے علاؤہ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن اور چترال اپر و لوئیر اور دیر بالا کے ڈپٹی کمشنروں، گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، مقامی انتظامی افسران اور سپورٹس حکام نے ان لائن حصہ لیا اور انتظامات کے مختلف پہلوؤں اور تجاویز و سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ضروری فیصلے کئے گئے۔

 

 

زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور شندور پولو فیسٹیول کا بہترین اور کامیابی سے انعقاد نہ صرف محکمہ سیاحت بلکہ پوری صوبائی حکومت اور انتظامیہ کیلئے ٹیسٹ کیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شاندار میلے کے آغاز سے پہلے ہی متعلقہ تمام شاہراہوں کی کلیئرنس، سیکورٹی، اشیائے خوردونوش اور پٹرول پمپس پر فیول کی معیاری اور وافر مقدار میں دستیابی متعلقہ حکام اور اداروں کا اولین فرض ہے جس میں ذرہ بھر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

chitraltimes shandur festival 2023 first day 9

مشیر سیاحت نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ پولو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور مقامی لوگوں و زعماء سے الگ الگ ملاقاتیں کرکے انہیں انتہائی خوشگوار ماحول کے ساتھ اعتماد میں لیں تاکہ وہ سب فیسٹیول کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں عملی طور پر شریک ہوں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کیلئے شرٹس پر بہترین لوگو لگانے کی ہدایت بھی کی تاکہ محکمہ سیاحت و ثقافت کی عمدگی سے برانڈنگ ہو اور صوبے میں سیاحت خوب پھلے پھولے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں میں اضافے کے سبب صوبہ کی آمدن بالخصوص زرمبادلہ کمانے کے وسائل بھی مسلسل بڑھنا شروع ہوں۔

 

 

اسی طرح فیسٹول کے اطراف میں واش رومز، ابنوشی اور صحت و صفائی کے بہترین انتظامات بھی ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر حکام نے مشیر سیاحت کو شندور پولو فیسٹیول کے کامیابی سے انعقاد کیلئے آپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ دن رات محنت کرنے کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ وہ کسی بھی مرحلے پر صوبائی حکومت کو مایوس نہیں کریں گے کیونکہ سیاحت کی ترقی سے صوبہ کی خوشحالی بھی جڑی ہے۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں
89953