Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توانائی کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے،صاحبزادہ سعید احمد

شیئر کریں:

وفاق کے ساتھ حل طلب مسائل کو اعلیٰ سطحی فورمز پر اٹھایاجائے گا،معاون خصوصی توانائی کا جائزہ اجلاس سے خطاب


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) معاون خصوصی برائے توانائی وبرقیات صاحبزادہ سعید احمد نے کہا ہے کہ صوبے میں توانائی کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو تیزرفتارترقی دیناناگزیر ہے صوبے میں توانائی کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔کسی بھی توانائی منصوبے میں بے جاتاخیرناقابل برداشت ہے۔وفاق کے ساتھ توانائی منصوبوں کے حوالے سے درپیش مسائل کو اعلیٰ سطحی فورمزپرترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیڈوہاؤس میں توانائی کے جاری منصوبوں پرہونے والی پیشرفت کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی سیدامتیازحسین شاہ،چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان سمیت مختلف منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرزاورمحکمے کے دیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔

پیڈوچیف انجینئرنعیم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈواس وقت 23میگاواٹ پن بجلی کے7منصوبوں پر کام کررہاہے۔جن میں جبوڑی10.2میگاواٹ، کروڑہ11.8میگاواٹ،کوٹو40.8میگاواٹ، مٹلتان84میگاواٹ، لاوی69میگاواٹ،چپری چارخیل10.5میگاواٹ اوربرندو6.5میگاواٹ پن بجلی کے منصوبے شامل ہیں۔اسی طرح4ہزار400مساجد،8ہزارسکولوں،187بنیادی مراکزصحت کو شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبوں پربھی تیزی سے کام جاری ہے جبکہ اورضم شدہ اضلاع میں 13شمسی منی گرڈشٹیشنزکی تعمیر کئے جارہے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کے مالی تعاون سے صوبے کے سب سے بڑے پن بجلی منصوبے 300میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈروپاورپراجیکٹ سمیت ورلڈ بینک کی معاونت سے157میگاواٹ مدین سوات اورگبرال کالام88میگاواٹ پن بجلی منصوبوں پر بھی جلدتعمیراتی کام کا آغازہونے والاہے۔صوبے میں بجلی کے نظام کی بہتری اوراپنی پیداکردہ بجلی کی ترسیل کو ممکن بنانے کے لئے پہلی مرتبہ خیبرپختونخواٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی قائم کی گئی ہے جسکے انتظامی ڈھانچے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔ Access to Clean

Energyپروگرام کے تحت بجلی کی نعمت سے محروم 11پسماندہ اضلاع کے علاقوں میں 281منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز مکمل کر لئے گئے ہیں جن میں باقی ماندہ آئندہ سال جون تک مکمل کرلئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید672منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز پر کام شروع کیا جائے گا۔اجلاس کے آخرمیں معاون خصوصی صاحبزادہ سعید احمد نے محکمے کے تمام افسران کوادارے کی ترقی کے لئے اپنی تمام ترتوانائی صرف کرنے پر زوردیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
55851