Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تنخواہوں میں 27 فیصد الاؤنس اضافہ یکم جون سے ملے گا۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 27 فیصد الاؤنس میں اضافے کا اطلاق یکم جون سے ہو گا جس کا نوٹیفکیشن آئندہ کچھ دنوں میں کر دیا جائے گا۔ حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نیک نیتی کے ساتھ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ان خیالات کا اظہار آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس خیبرپختونخوا (آگیگا) اور سیکریٹریٹ ایمپلائز کوآرڈی نیشن کونسل کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت کو ختم کرنے کے لیے کھلے دل اور نیک نیتی سے اضافہ کیا۔ ملازمین کو الاؤنسز میں 27 فیصد اضافہ یکم جون سے ملے گا جس کا نوٹیفکیشن آئندہ چند دنوں میں کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا اگر کسی صورت میں کوئی ملازم، شعبہ یا محکمہ تنخواہ میں اضافے سے رہ گیا تو ان کے لیے شکایات ازالہ کمیٹی بنا دی ہے۔ ملازمین محنت اور دلجمعی سے اپنے فرائض سر انجام دیں اور حکومت کے استعداد کار میں اضافہ کریں۔ اس موقع پر ملازمین تنظیموں کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے تنخواہوں میں امید سے زیادہ اضافہ کرکے دل جیت لیے۔ ملازمین تنظیموں کے عہدیداروں نے تنخواہوں میں اضافے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا شکریہ ادا کیا۔

خیبرپختونخوا میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں تیزی
ایک روز میں 57 ہزار شہریوں کی ویکسینیشن، 4 لاکھ سے زائد شہریوں کی ویکسینیشن مکمل ہو گئی۔ محکمہ صحت


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن میں تیزی آئی ہے۔ گزشتہ ایک روز میں مجموعی طور پر 57 ہزار شہریوں کو کورونا حفاظتی ویکسین لگائی گئی۔ محکمہ صحت سے جاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک 4 لاکھ 8 ہزار 272 شہریوں کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ویکسین کی ایک خوراک لینے والوں کی تعداد 14 لاکھ 94 ہزار 358 ہے جبکہ صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 18 لاکھ 23 ہزار سے زائد ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا ویکسین لگانے کے لیے مقامات کی تعداد بڑھ کر 688 ہو گئی ہے جن میں 610 ویکسینیشن مراکز، 36 ماس ویکسینیشن سینٹرز اور 42 موبائل ویکسینیشن ٹیمیں فعال ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
49528