Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمام کمشنرز اپنے متعلقہ ڈویژن میں این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔۔چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)چیف سیکرٹری خیبر پختون خوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کورونا کی دوسری لہر کے تناظر میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے انڈور شادی ہالوں اور 300 سے زائدافراد کے اکھٹا ہونے پر مکمل پابندی عائد کی ہے،تمام کمشنرز صاحبان اپنے متعلقہ ڈویژن میں این سی او سی کے فیصلوں پر مکمل طورپر عمل درآمد یقینی بنائیں۔انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کے ہمراہ انتظامی سیکرٹریز اور ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس آفیسرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ کورونا کی دوسرا لہر شروع ہوچکی ہے جس طرح کورونا کی پہلے لہر کے لئے انتظامات کئے گئے تھے اسی طرح دوسری لہر کے لئے بھی انتظامات یقینی بنانا ہوں گے۔ڈویژنل کمشنرز ریسٹورنٹس میں ایس او پیز کے اطلاق پر بھی سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں ہسپتالوں کے دورے کریں اور صورتحال کا جائزہ لیں، ہسپتالوں کی استعداد کار سمیت تمام انتظامات اور کورونا کنٹیکٹ ٹریسنگ پر کڑی نظر رکھیں۔

چیف سیکرٹری نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کورونا ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ ایک مہینے کے دوران23 ہزار گاڑیوں کے معائنے کئے گئے ہیں۔جبکہ 13 ہزار گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں کرکے 35 لاکھ روپے جرمانے بھی وصول کئے گئے ہیں۔ چیف سیکرڑی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کاروئیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔چیف سیکرٹری نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ مصنوعی مہنگائی پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ روزانہ کے حساب سے اشیاء خوردنوش کی قیمتیں چیک کی جائیں اور سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔تمام ڈیژنل کمشنرز اپنے متعلقہ ڈیژنز میں فلور ملز کے دورے کرکے سرکاری کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنانے سمیت شوگر ملز میں شوگر کرشنگ کے انتظامات پر بھی کڑی نظررکھی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام ڈویژنز میں قائم سستے بازاروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد اور سستے داموں اشیاء کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے تمام ریجنل پولیس آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ سول انتظامیہ کیساتھ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے سمیت مہنگائی کنٹرول کرنے میں بھر پور تعاون کو یقینی بنائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
42492