Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمام سیاسی رہنما اورعوامی نمائندے عید کے موقع پر میل جول سے گریز کریں۔۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے عیدالفطر کے موقع پر کورونا وبا کے مزید پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی ہنماوں اور منتخب عوامی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر اپنے اپنے حلقوں اور حجروں میں لوگوں سے عید ملنے اور دیگر میل جول سے گریز کریں تاکہ اس مہلک وبا کے مزید پھیلاو کو روکا جاسکے اور لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔ سیاسی رہنماو¿ں اور منتخب عوامی نمائندوں کے نام اپنی اپیل میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور عید کے موقع پر صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے، اس عید کے موقع پر ہماری معمولی سی کوتاہی یا غفلت ہمیں کسی بڑی مصیبت سے دوچار کر سکتی ہے لہذا سیاسی رہنما اور منتخب عوامی نمائندے نہ صرف خود لوگوں سے عید ملنے اور دیگر عوامی میل جول سے گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کریں اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے عوام کو آگہی دینے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا اکیلے حکومت یا کسی سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک قومی اور اجتماعی مسئلہ ہے جس سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے سیاسی رہنماو¿ں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عید کے موقع پر اس وبا کے پھیلاو کو روکنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے اور حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے سیاسی رہنماو¿ں اور منتخب عوامی نمائندوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے کے جملہ سیاسی قائدین اور منتخب عوامی نمائندے اس سلسلے میں بھر پور تعاون کا مظاہرہ کریں گے اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا ہفتے کے روز ضلع سوات کا اچانک دورہ،کانجوپولیس اسٹیشن کا معائنہ

پشاور ( چترال ٹائمز رپو رٹ )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز ضلع سوات کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بغیر کسی سیکیورٹی کانجو پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے تھانے کا رجسٹر اندراج اور روزنامچہ سمیت دیگر ریکارڈ چیک کیا۔وزیر اعلیٰ نے تھانے کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا، حوالاتیوں سے ملے اور ان سے پولیس کے برتاو کے بارے معلومات حاصل کی۔

اس موقع پر انہوں نے تھانے میں موجود سائلین سے ان کے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا اور تھانے کے انچارج کو ان سائلین کے مسائل فوری طور پر حل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پولیس تھانوں میں آنے والے سائلین اور عوام کے ساتھ اپنا رویہ اچھا رکھے۔تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد مکمل طور پر بحال ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کی محافظ ہے اور اس سلسلے میں پولیس کو عوامی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔درایں اثنائ وزیر اعلی نے سوات میں مختلف عوامی مقامات کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں پر رمضان کے مہینے میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے حکومتی احکامات اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر اپنی گفتگو میں وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت رمضان کے مہینے میں لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت کے ان اقدامات کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہئیے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریوں کو ہر صورت پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد میں غفلت برتنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع مہمند کی تحصیل امبار میں پانی کی ٹینکی گرنے سے سات کم سن بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے بچوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
48148