Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تجار برادری کے انتخابات ،متعدد دکانداران مختلف ناموں سے میدان میں کود پڑے ہیں

Posted on
شیئر کریں:

چترال ( چترال ٹائمز رپورٹ ) تجار برادری چترال کے انتخابات چند دنوں کے بعد ہورہے ہیں۔ جس کیلئے چترال بازار کے متعدد دکانداران مختلف ناموں کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے میدان میں کود پڑے ہیں۔ ان میں ایک پینل تاجر دوست اتحاد پینل بشیر حسین آزاد کی قیادت میں درجہ ذیل منشور کے ساتھ میدان میں ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ چترال تاجر برادری کے ساتھ ساتھ عام صارفین کی خدمت کے ذریعے صاف ستھرے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے تجار یونین چترال ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے۔اس سال یونین کے جوانتخابات ہورہے ہیں ان میں بھرپور شرکت اور تاجر برادری کی خدمت کے لئے ہم نے تاجر دوست اتحادکے نام سے مخلص ،خدمت گار اور فعال عہدیداروں کا پینل ترتیب دیا ہے۔انتخابات کے بعد چترال بازار اور ملحقہ بازاروں کے تاجروں کی خدمت کے لئے ہمارے منشور کے اہم نکات یہ ہیں۔
1) بازار کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کے جدید نظام کے تحت سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے لگائے جائینگے۔
2) بازاروں کو سٹریٹ لائٹ کے لئے بجلی کے موثر سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔
3) تجاوزات کے نام پر آئے روز اپریشن کے خلاف دکانوں کی ایک ایک انچ زمین کا دفاع کیا جائے گا۔
4) صحت وصفائی اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لئے تمام بازاروں میں حفظان صحت کے اُصولوں کے مطابق ٹائلٹ بنائے جائینگے۔اور ان کی دیکھ بھال کا موثر سسٹم بنایا جائے گا۔
5) گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں کے مالکان کی طرف سے تاجروں کے مال کی ترسیل میں مقرر کردہ کرایہ فی من اور فی ڈمپرسے زیادہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
6) بائی پاس روڈ اور دیگر مقامات پر دکانداروں کو بجلی کی فراہمی کے لئے پیسکو حکام کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرکے کھمبے اور ٹرانسفارمر لگاکر میٹر حاصل کئے جائینگے۔
7) ریت،بجری اور مرغیوں کی گاڑیاں بازار سے گذرتے وقت اپنا مال ڈھانپ کر(ترپال لگاکر) گذرنے کی پابند ہونگی۔
8) میونسپل کمیٹی کے سٹاف کو بازار کی صفائی میں کوتاہی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
9) بازار میں ملاوٹ،ذخیرہ اندوزی،گران فروشی اور دیگر نامناسب سرگرمیوں کے روک تھام کے لئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کی جائیگی۔
10) بازار میں ہرقسم کی منشیات کاسدباب کیا جائے گا۔
عبوری کابینہ اور انتظامیہ کے فیصلے کی روشنی میں ووٹنگ موبائل بکس کے ذریعے ہوگی۔ایک دکان ایک ووٹ کی بنیاد پر بکس ہردکان کے سامنے آئے گا ۔ تاجر دوست پینل کیلئے بشیر حسین آزاد امیدوار برائے صدارت، محمد نایاب فارانی امیدوار برائے جنرل سیکرٹری، کفایت اللہ امیدوار برائے نائب صدارت اور فضل حسین امیدوار برائے سینئر نائب صدرات شامل ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
6763