Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کا استعمال عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے کلسٹر بموں کا استعمال عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کلسٹر بموں کا استعمال عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت 1983 کے کنونشن معائدہ کی خلاف ورزی کررہا ہے، سیکورٹی کونسل عالمی امن اور سلامتی کے خطرے کا نوٹس لے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے کا وقت آن پہنچا ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی اجازت ہونی چاہیے، جنوبی ایشیا میں امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بھی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے جب کہ بھارتی جارحیت کے باعث لائن آف کنٹرول پر صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، کشمیر کی موجودہ صورتحال خطے کے بحران کا سبب بن سکتی ہے۔
……………………………………………………

بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب
اسلام آباد(سی ایم لنکس) بھارت اپنے ہی بیان سے ایک مرتبہ پھر مکر گیا ہے اور پوری دنیا کو گمراہ کرنے کا اس کا پراپیگنڈہ بے نقاب ہو گیاہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے اپنی حکومت کو کچھ عرصہ قبل رپورٹ دی تھی کہ رواں سال کوئی حملہ نہیں ہواہے اور نہ ہی کوئی فوجی لاپتہ ہو ا ہے لیکن اب وہ اس بیان سے مکر رہی ہے اور یہ اس بات کا اعتراف ہے کہ وہ اپنی ہی رپورٹ پر قائم نہیں رہ سکتی۔دونوں ممالک کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان کوئی رابطہ بھی نہیں ہواہے،بھارت دراصل دراندازی کے مردہ گھوڑوں میں دوبارہ جان ڈالنا چاہ رہاہے۔ پاکستان کی افواج صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کے بعد بھارت ہٹ دھرمی کے باعث ایسی حرکتیں کر رہاہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت گمراہ کن پراپیگنڈہ کر کے عالمی برادری کی توجہ بھی ہٹانا چاہتا ہے، بھارت ایل او سی پر کارروائی کا صرف جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی فوج نے 30 اور31 جولائی کی درمیانی رات وادی نیلم میں توپ خانے اور کلسٹر بموں سے سول آبادی پرحملہ کیا جس میں معصوم بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 زخمی ہوئے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کلسٹر ایمیونیشن کنونشن کے تحت ایسے مہلک ہتھیاروں کا استعمال ممنوع ہے، عالمی برادری بھارت کی جانب سے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت اسلحہ کے زور پرکشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا، کشمیر ہر پاکستانی کے خون میں دوڑتا ہے، انشاء اللہ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک ضرور کامیاب ہو گی۔
…………………………………………

مقبوضہ کشمیر میں بھارت ہندو مسلم فسادات کرانا چاہتا ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق
اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو مسلم فسادات کرانا چاہتا ہے، کلسٹر بم کے استعمال کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔اسلام آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور ایل اوسی کی کشیدہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی پر معصوم کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث ہے،عالمی برادری کلسٹر بم کے استعمال کا نوٹس لے۔اس سے قبل، مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا ہے۔ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر کلسٹر بم گرانے پر اقوام متحدہ کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو بریفنگ بھی دی گئی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
24640