Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بڑے اوروزنی سکول بیگز کا وزن کم کرنے کے حوالے سے پسرااورسکول انتظامیہ کی میٹنگ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )بڑے بڑے اور وزنی سکول بیگز کا وزن کم کرنے اور بچوں کا بوجھ ہلکا کرنے کے حوالے سے پرائیویٹ سکولزریگولیٹری اتھارٹی اور سکولوں کی انتظامیہ نے بدھ کے روز پشاور میں ایک میٹنگ کے دوران تفصیلی غور و خوض کیا۔ اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید ظفر علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر رجسٹریشن، ڈائریکٹر آپریشن اور کئی بڑے پرائیویٹ سکولوں کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں ذکر ہوا کہ بچوں کے بڑے بڑے بیگز میں بہت سی ایسی چیزیں پڑی ہوتی ہیں جسے بہت آسانی سے کم کیا جاسکتا ہے۔ وزنی بیگز کی جگہ ہلکے بیگز لیے جائیں۔ بیگز میں بڑی کاپیوں کی جگہ چھوٹی کاپیاں رکھی جائیں یعنی 100 صفحات والی کاپیوں کی جگہ 50 صفحات والی کاپیاں خریدی جائیں۔ بیگز میں لنچ بکس نہ رکھے جائیں۔ کتابوں پر سخت گتے کی فائنڈنگ سے بھی وزن میں اضافہ ہوتا ہے لہذا اس کی جگہ پلاسٹک کور استعمال کئے جائیں۔ اجلاس میں ذکر ہوا کہ عمومی طور پر بڑے سکولوں کے بچوں کے بیگز زیادہ بھاری ہوتے ہیں اس لئے یہ سکول لاکرز کا بندوبست کرکے بچوں کی وہ کتابیں اور کاپیاں جنہیں گھر لیجانا ضروری نہیں ہوتا انہیں سکول میں محفوظ رکھیں جائیں۔ اجلاس میں تجویز ہوا کہ بچوں کی کتابیں ٹرم کی بنیاد پر بنائی جائیں تاکہ پورے سال کا کورس لانے اور لے جانے کی بجائے جاری ٹرم کی کتابیں استعمال ہوں اور بچوں کو غیر ضروری وزن اٹھانے سے نجات مل سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے لئے تعلیمی ماحول آسان اور پرکشش بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ خوشی خوشی تعلیم حاصل کرکے ملک اور قوم کے لیے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں لہذا ان کی معیاری تعلیم وتربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان تجاویز کی منظوری کے بعد سکول اتھارٹی سکولوں کی سطح پر شعور کی بیداری کی مہم چلائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین اور اساتذہ کو بھی اس حوالے سے شعور کی بیداری کا کام کرنا چاہیے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
16150