Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بونی مستوج شندوراوربروغل روڈ کی تعمیرکے سلسلے میں‌ دھرنا دوبارہ شروع، کل سے روڈ بلاک کا امکان

شیئر کریں:

مستوج( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال کے عوام نے ایک مرتبہ پھربونی شندور روڈ اور بروغل روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے . اور احتجاج میں بتدریج شدت پیدا ہونے کے خدشات نظر آ رہے ہیں .ذرائع کے مطابق مستوج خاص کے مقام پر بونی شندور روڈ اور مستوج بروغل روڈ کی تعمیر و پختگی کے لئے دھرنے سے شروع کیا جانے والا احتجاج چاردن کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا ہے ۔ اتوار کےروز مستوج , لاسپور , یارخون , بروغل کے عوام کا بہت بڑا ہجوم مستوج پل میں جمع ہوکر پھر سے غیر معینہ مدت کیلئےاحتجاجی دھرنا شروع کیا ہے تاہم روڈ کی بندش کے بارے میں اطلاعات نہیں ہیں. اس سے چند دن قبل اسی مقام پر دھرنا دے کر روڈ بلاگ کیا تھا 25 جون کو اے ڈی سی اپر چترال نے دوسرے انتظامی عہدیداران کے ہمراہ مظاہرین سے مذاکرات کرکے 30 جون تک کا وقت طلب کیا تھا تاکہ ایم این اے، ایم پی ایز ، سیکرٹری این ایچ اے اور دوسرے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرکے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جائےگی۔ اس کے بعد مظاہرین نے 30 جون تک کے لئے اپنا دھرنا ملتوی کیا تھا۔ اب تیس جون کو پھر سے عوام دھرنے میں بیٹھ گئے ہیں۔ تاہم اطلاعات کے مطابق کوئی بھی اعلی سرکاری آفیسر یا منتخب نمائندے نے ان سے مذاکرات نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق اگر آج احتجاجی مظاہرین سے کوئی اعلی سرکاری آفیسر و منتخب قیادت مذاکرات نہیں کرتی تو شام تک مظاہرے کے قائدین اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جس میں روڈ بلاگ سمیت مختلف آپشنز پر غور کئے جانے کا امکان ہے۔

دریں اثنا مظاہرین سے اظہار یک جہتی کے لئے تحریک حقوقِ عوام اپر چترال نے بھی یکم جولائی سے گرین لشٹ سے لیکر سورلاسپور تک مین روڈ کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک طرف شندور فیسٹول کےانتظامات آخری مراحل میں داخل ہوئے ہیں . دوسری طرف مظاہرین نے ہر حال میں بونی شندور روڈ اور مستوج بروغل روڈ کی تعمیرکے حوالے سے اپنی تمام کشتیاں جلانے کا فیصلہ کیا ہے . جبکہ دونوں روڈ ز کی تعمیر کے حوالے سے سابقہ حکومتوں نے بھی وعدہ کیا تھا .لیکن تاحال یہ وعدے شر مندہ تعبیر نہیں ہوئے . جس کی وجہ سے مستوج اورملحقہ علاقوں کے لوگوں اورسیاحوں کو آمدو رفت میں شدید مشکلات در پیش ہیں.
mastuj protest for construction of booni shandur road2

mastuj protest for construction of booni shandur road23
mastuj protest

mastuj protest2

mastuj protest chitral


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
23460