Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامات کا عمل بروقت شروع کیا جائے۔وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ )وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہزاد بنگش اور انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری نے ہفتے کے روز ملاقات کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے کے باقی ماندہ اٹھارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بعض مقامات پر پیش آنے والے چند ناخوشگوار واقعات کے محرکات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کی مکمل روک تھام کے لئے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔ اپنی گفتگو میں وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مجموعی طور پر پر امن رہا تاہم بعض جہگوں پر کچھ ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے اور انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کے موثر تدارک کو یقینی بنایا جائے۔ دوسرے مرحلے کے پر امن انعقاد کے لئے انتظامات اور تیاریوں کا عمل بروقت شروع کیا جائے۔

وزیراعلی نے مزید ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پر امن ماحول میں انعقاد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا موثر نظام وضع کیا جائے اور ایک فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پر امن ماحول میں صاف اور شفاف انعقاد کے لئے پر عزم ہے، اس مقصد کے لئے تمام دستیاب مالی وسائل اور افرادی قوت کا موثر استعمال عمل میں لایا جائے، صوبائی حکومت ان انتخابات کے پرامن اور صاف و شفاف انعقاد کے لئے درکار تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56584