Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

باصلاحیت اور حیرت انگیز قوم – محمد شریف شکیب

Posted on
شیئر کریں:

باصلاحیت اور حیرت انگیز قوم – محمد شریف شکیب

 

پاکستانی قوم بلاشبہ انتہائی جفاکش، محب وطن اور سادہ لوح واقع ہوئی ہے۔اس قوم کی سادگی اور بھلکڑپن سے آج تک بعض حلقے ناجائز فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔لیکن اس قوم نے شاید قسم اٹھا رکھی ہے کہ اپنی سادگی اور بھول جانے کی عادت کو کسی قیمت پر بھی ترک نہیں کرے گی۔ہمارے ایک دوست نے پاکستانی قوم کا ایک دلچسپ خاکہ بنایا ہے جسے ثواب کی نیت سے قارئین کے ساتھ شیئر کرنے کی جسارت کرتا ہوں۔کہتے ہیں کہ پاکستانی قوم اگست کا مہینہ آئے تو سچے پاکستانی بن جاتے ہیں۔گھروں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجاتے ہیں موٹر سائیکلوں کے سائنلسر نکال کر تیرہ اور چودہ اگست کو پوں پوں کرتے ہوئے سڑکوں پر نٹر گشت کرتے ہیں رمضان آئے تو پکے مسلمان بن جاتے ہیں۔روزے قضا نہیں کرتے پانچ وقت نماز کے ساتھ تہجد کے لئے بھی وقت نکالتے ہیں۔جنگ لگے تو سب فوجی بن جاتے ہیں۔کرکٹ، ہاکی، فٹ بال اور دوسرے کھیلوں کے میدان سج جائیں تو سب کھلاڑی بن جاتے ہیں اور ماہرانہ تبصرے شروع کرتے ہیں۔

 

الیکشن ہوں تو سب سیاستدان بن کر نعرہ مستانہ لگاتے ہیں۔احتساب شروع ہو تو سب کا نام نیب زدہ دکھائی دیتے ہیں۔بجٹ آٸے تو سب اقتصادیات کے ماہر بن جاتے ہیں اور وہ اعدادوشمار نکال لاتے ہیں جس کی حکمرانوں کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں ہوتی۔کرئی نئی خبراخبار، ٹی وی یا سوشل میڈیا پر چل جائے تو سب تجزیہ نگار بن کر ماہرانہ رائے کا بالکل مفت اظہار شروع کرتے ہیں۔ کسی بیمار کو ملیں تو سب ڈاکٹر بن کر انہیں قیمتی مشوروں سے نوازنا شروع کرتے ہیں ڈاکٹر کو ملیں تو سب مریض بن جاتے ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ ان کے تمام جسمانی اعضاء شل ہو چکے ہیں۔کوئی شرعی مسئلہ پیش آئے تو سب مفتی بن کر اس کی تشریح و تاویل پیش کرنے لگتے ہیں۔کوئی متنازعہ مسئلہ پیش آئے تو سب وکیل بن کر اس کی سز و جزا کا تعین کرتے ہیں اور بیٹھے بٹھائے فیصلے بھی جاری کرتے ہیں۔

 

شادی بیاہ اورکوئی خوشی کی تقریب ہو تو سب فنکار بن جاتے ہیں۔اور اپنے طور پر محفل کو چار چاند لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔فضول رسم و رواج کے موقع پر سب مالدار بن جاتے ہیں اور جیب میں جو کچھ ہوتا ہے سب لٹا دیتے ہیں اور بنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے رجسٹریشن کرانی ہو تو سب زکواة کے مستحق بن جاتے ہیں۔زلزلے، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے موقع پر جب امدادی اشیاء تقسیم کی جاتی ہیں توایک دوسرے کے کندھوں پر چڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس قوم کی مثال پانی جیسی ہے جس برتن میں ڈالو اسی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ لامحدود خصوصیات سے لبریز اس قوم کی حیرت انگیز صلاحیتوں سےعالمی طاقتیں بھی پریشان ہیں۔اللہ تعالی اس عجیب و غریب قوم کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔آمین


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
78135