Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اے-پی-ایم-ایل چترال میں “مشرف ہاؤس” اور اسلام آباد میں”چترال ہاؤس” تعمیر کریگی..ڈاکٹرامجد

Posted on
شیئر کریں:

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) چیئرمین آل پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ آج جتنے بھی سیاسی رہنماء چترال کی خدمت کا دعویٰ کررہے ہیں ہمارے قائد سید پرویز مشرف کی خدمات کے آگے رتی برابر بھی نہیں ہے۔ پرویز مشرف بےلوث خدمات سے بڑھ کر چترالی عوام کو پوری دنیا میں اپنا قبیلہ اور چترال کو اپنا گھر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دلی اور جذباتی وابستگی کے اعتراف میں اے-پی-ایم-ایل نے چترال میں “مشرف ہاؤس” اور اسلام آباد میں”چترال ہاؤس” قائم کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے جو مشرف کے خواب کی تعبیر ہوگی۔

مختلف مقامات پرانتخابی جلسوں‌میں ڈاکٹر امجد نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ چترال میں قدم قدم پر قدرتی چشموں، نالوں اور دریاؤں کی موجودگی کے باوجود چترالی عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جبکہ علاقے کے طول وغرض میں سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی منشور کا تذکرہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر چترالی عوام انہیں جتوا کر اسمبلیوں تک پہنچاتی ہے تو ان کی اولین ترجیح چترال شہر، قصبوں اور دیہات میں ترسیلی نظام کے ذریعے پانی کی وافر فراہمی ہوگی۔ اس کے علاوہ چترال کے کونے کونے تک سڑکوں کو وسعت دی جائے گی اور پکی سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔

ڈاکٹر امجد نے یہ بھی کہا کہ چترال ٹاؤن، بونی، تورکھو، موڑکھو، مستوج اور لوٹکوہ کے علاقوں میں نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان جبکہ جگہ جگہ جدید خطوط پر صحت کے مراکز تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے بچیوں کی تعلیم تک آسان رسائی پر زور دیکر کہا کہ ہم اپنی بیٹیوں کے لیے تعلیمی اداروں تک خصوصی بسوں اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کریں گے۔ انہوں نے اس حقیقت کی بھی نشاندہی کی ہے کہ چترال سیاحوں کے لیے جنت سے کم نہیں اور ہوٹلنگ کے شعبے اور انفراسٹرکچر کو ترقی دے کر سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔ ساتھ ہی چھوٹی صنعتوں اور دستکاری مراکز کو وسعت دی جائے گی۔ ان سبھی سرگرمیوں سے علاقے سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا اور لوگوں کی معاشی حالت مستحکم ہوگی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
11993