Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایٹا خیبر پختون خوا کے زیر اہتمام میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے انٹری ٹسٹ کے تمام انتظامات مکمل

Posted on
شیئر کریں:

ایٹا خیبر پختون خوا کے زیر اہتمام میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے انٹری ٹسٹ کے تمام انتظامات مکمل
10 ستمبر کو منعقد ہونے والے ٹسٹ میں 46439 امیدوار ان کے لئے 11شہروں میں 43 سنٹرز قائم،سیکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات، محکمہ پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا،ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے بھی فرائض انجام دیں گے

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) ایٹا خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا کے سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ کے لئے انٹری ٹسٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ 10ستمبر 2023ء کو منعقد ہونے والے اس ٹسٹ میں 46439 امیدوار حصہ لیں گے جن کے لئے صوبہ کے 11 شہروں میں 43 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ ایٹا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محمد امتیاز ایوب نے بتایا کہ ٹیسٹ کے صاف اور شفاف انعقاد کے لئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں۔ امیدواران کی سہولت کے پیش نظر تمام ٹسٹ سنٹرز ائیر کنڈیشنڈ ہالز میں قائم کئے گئے ہیں تاکہ 3 گھنٹے اور 30 منٹ تک جاری رہنے والے اس ٹسٹ میں امیدواران پوری سہولت اور سکون کے ساتھ امتحان دے سکیں۔

 

بنوں اور ایبٹ آباد میں ائیر کنڈیشنڈ ہالز کی عدم دستیابی کی وجہ سے لاہور سے پورٹیبل مارکیز درآمد کر کے ان شہروں میں نصب کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتا یا کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لئے محکمہ پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے جس کے تحت سنٹر میں صرف طالبعلم کو داخلے کی اجازت ہو گی جو ایٹا کی طرف سے جاری کردہ رول نمبر سلپ اور کوئی بھی شناختی ڈاکومنٹ، شناختی کارڈ، فارم ب، ڈرائیونگ لائسنس یا تصویر والی ڈگری دکھا کر سنٹر میں داخل ہو سکے گا۔ تمام سنٹرز کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں گے جبکہ سنٹر میں داخل ہونے والوں کی میٹل ڈی ٹیکٹرز کے ذریعے بھی تلاشی لی جائے گی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ اور خفیہ پولیس اہلکار بھی ٹسٹ سنٹرز میں فرائض انجام دیں گے۔

 

ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا نے بتایا کہ سنٹر میں امیدواران کے موبائل فون لے جانے کے حوالے سے ایٹا نے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہوئی ہے اور سنٹر میں موبائل فون کی انٹری روکنے کے لئے بھی تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جن کے تحت تمام امیدواران کی داخلے کے وقت تین مراحل میں تلاشی لی جائی گی جبکہ سنٹر کے اندر بھی میٹل ڈی ٹیکٹرز کی مدد سے تلاشی لی جائے گی۔ تمام امیدواران کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ اور سافٹ وئیر کی مدد سے شناخت کرنے کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد اہل امیدواران کو مقابلے کا صاف و شفاف موقع فراہم کرنا اور نا اہل اور ناجائز ذرائع استعمال کرنے کی کوشش کرنے والے امیدواران کا راستہ روکنا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ایٹا کے بورڈ آف گورنرز اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں موبائل فون یا کوئی بھی الیکٹرانک ڈیوائس سنٹر میں لانے والے امیدوار کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی جس کے تحت اس پر ایف آئی آر کا اندراج کر کے اسے پولیس کے حوالے کیا جائے گا، اس کا پرچہ منسوخ کیا جائے گا، موبائل فون وغیرہ ضبط کیا جائے گا اور ایسے امیدوار پر ایٹا کے کسی بھی ٹسٹ میں شامل ہونے پر آئندہ دو سال کی پابندی لگا دی جائے گا۔ انہوں نے تمام ا میدوارن کو توجہ دلائی کہ وہ بھر پور تیاری کر کے ٹسٹ کے لئے آئیں جہاں انہیں پرسکون ماحول میں ٹسٹ دینے کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امیدواران ایٹا کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر کلی طور پر عمل کریں تاکہ انہیں ٹسٹ یا ٹسٹ کے بعد کسی بھی دشواری کا سامنا نہ ہو۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78923