Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

این سی ایچ آر اور آئی او ایم پاکستان کے تارکین وطن کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

Posted on
شیئر کریں:

این سی ایچ آر اور آئی او ایم پاکستان کے تارکین وطن کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر) اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (ا ئی او ایم) پاکستان نے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ سے متعلق اقدامات پرتعاون کو مزیدمضبوط بنانے کے لئے اتوار کو مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ایم او یو تارکین وطن کی فلاح و بہبود اور انسانی حقوق کو ترجیح دینے کے لئے دونوں تنظیموں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، ایم او یو کے تحت این سی ایچ آر اور آئی او ایم پاکستان مشترکہ سرگرمیوں میں حصہ لیں گے جن کا مقصدتحقیق، آگاہی اور رسائی کو بہتر بنانا اور حکومت پاکستان کی ترجیحات کے مطابق پالیسی مشاورت فراہم کرنا ہے۔این سی ایچ آر کی چیئرپرسن رابعہ جویریہ آغا نے تارکین وطن کے حقوق کے فقدان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یونانی تارکین وطن کی کشتی کا حادثہ ان خطرات کی دل دہلا دینے والی یاد دلاتا ہے جو لوگ بہتر مستقبل کی تلاش میں اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف رواں سال بحیرہ روم میں دو ہزار سے زائد جانیں ضائع ہوئی ہیں، اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہم نقل مکانی کے حوالے سے ایک محفوظ اور بہترنقطہ نظر کی طرف کام کر سکتے ہیں جو بہتر مستقبل کی تلاش میں لوگوں کی فلاح و بہبود اور وقار کو قائم رکھ سکے،این سی ایچ آر اور آئی او ایم پاکستان کے درمیان حال ہی میں دستخط شدہ ایم او یو اس مقصد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آئی او ایم پاکستان کے چیف آف مشن میو ساتو نے تارکین وطن بالخصوص خواتین اور بچوں کو درپیش خطرات کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط انتہائی بروقت ہوئے ہیں، جس میں مہاجرین کے بدلتے ہوئے رجحانات اور شواہد پر مبنی حل کی ضرورت کا ذکر کیا گیا ہے،تعاون کا فریم ورک اور اس کے مقاصد تمام تارکین وطن کے انسانی حقوق کے تحفظ اور تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیتا ہے۔ این سی ایچ آر ایک وفاقی قانونی ادارہ ہے جو پیرس اصولوں کے مطابق 2012 کے این سی ایچ آر ایکٹ 16 کے تحت قائم کیا گیا،یہ ایک آزاد نیشنل ہیومن رائٹس انسٹی ٹیوٹ ہے جو 2015 میں قائم کیا گیا۔

NCHE and IOM pakistan signed mou pak

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80647