Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں جو کچھ ہوا یہ باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی ہے،وزیراطلاعات

Posted on
شیئر کریں:

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں جو کچھ ہوا یہ باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی ہے،وزیراطلاعات

عوام میں آگاہی ہوگی تو حکومتوں کا احتساب آسان ہوگا، معلومات تک رسائی عوام کا حق ہے۔بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل
حکومت خیبرپختونخوا گڈگورننس پر عمل پیرا ہے، سرکاری معاملات میں شفافیت لائی جارہی ہے۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ عوام میں آگاہی ہوگی تو حکومتوں کا احتساب آسان ہوگا، معلومات تک رسائی عوام کا حق ہے، اولین اور بہترین مثال حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے قائم کی جب زیب تن لبا س سے متعلق سوال کا جواب سائل کو موقع پر ہی دیا، زندگی کے ہر پہلو میں قرآن مجید ہمارے لئے مشعل راہ ہے، عوام کو معلومات تک رسائی ہونی چاہیئے تاکہ وہ حکومتی فیصلوں اور اقدامات کو پرکھ سکیں، نوجوانوں کو سسٹم پر اعتماد تب ہوگا جب میرٹ کی بالادستی ہو گی، نوجوانوں ان کی محنت کے مطابق صلہ ملنا چاہیے، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں جو کچھ ہوا یہ باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی ہے، حکومت خیبرپختونخوا گڈ گورننس پر عمل پیرا ہے، سرکاری معاملات میں شفافیت لائی جارہی ہے، آر ٹی آئی کمیشن کی کارکردگی تسلی بخش ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں خیبرپختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کے تحت منعقدہ آگاہی اور ایوارڈ تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کیا. صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ صوبہ اس وقت زخمی ہے اس صورتحال کو قبول کرنا ہے اور ذمہ داری لینی ہوگی اور ٹھیک کرنا ہوگا، نوجوان اونرشپ تب لیں گے جب ان کو اس بات کا اعتماد ہوگا کہ ان کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی، صوبے میں بنیادی چیزوں کو ٹھیک کرنے اور میرٹ لانے کی ضرورت ہے. نظام میں شفافیت تب ہی ممکن ہے جب عوام کو معلومات تک رسائی ہو اور انہیں حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کا پتہ ہو.

 

انہوں نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی مثال دی اور کہا کہ اولین اور بہترین مثال حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے قائم کی جب زیب تن لباس سے متعلق سوال کا حساب سائل کو موقع پر ہی دیا، نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ زندگی کے ہر پہلو میں قرآن مجید ہمارے لئے مشعل راہ ہے، اور اقوام متحدہ کے چارٹر کا 80 فیصد خاتم النبیین حضرت محمد (ص) کا آخری خطبہ ہے، انہوں نے کہا کہ یو این کنونشن 74 رائٹ ٹو انفارمیشن سے متعلق ہے، معلومات تک رسائی کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے عوام کو معلومات کی بروقت فراہمی کے لئے صوبے میں 1146 پبلک انفارمیشن آفیسرز کام کررہے ہیں جبکہ کمیشن کو 25000 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 23000 سے زائد کا بروقت ازالہ کر دیا گیا ہے جس سے کارکردگی تسلی بخش نظر آرہی ہے، انہوں نے کہا کہ چیف کمشنر فرح حامد خان کی سربراہی میں ٹیم بہتر کام کررہی ہے جبکہ کمیشن کے دیگر کمشنرز کی تعیناتی ایک ہفتے میں کردی جائے گی. تقریب سے چیف کمشنر رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن خیبرپختونخوا فرح حامد خان نے بھی خطاب کیا، تقریب میں سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا سید جبار شاہ، سابقہ چیف کمشنر عظمت حنیف اورکزئی، پروفیسر کلیم اللہ و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی. اس موقع پر میڈیا نمائندوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی. تقریب میں بہترین کارکردگی پر ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے، میڈیا کیٹیگری میں صحافی محمد فہیم، پبلک انفارمیشن آفیسر کیٹیگری میں ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ انور زیب اور سیٹیزن کیٹیگری میں ماجد علی کو ایوارڈ دیا گیا.


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79550