Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایشیائی ترقیاتی بنک کاخیبر پختونخوا حکومت کو مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے نمائندہ وفد نے پشاور میں اہم ملاقات کی۔ملاقات میں خیبر پختونخوا اور ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے مابین معاشی و سماجی ترقی کے لئے جاری منصوبوں کے علاوہ مستقبل میں بنک اور صوبے کے مابین عوامی فلاح وبہبود کے مجوزہ منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وفد کو صوبائی حکومت کے معاشی اصلاحات اور صوبے کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے مفصل طور پر آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال سے کم عرصے میں اپنی ترجیحات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے غیر روایتی انداز میں مشکل فیصلے کئے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑے حجم کا بجٹ پیش کیا گیا جس میں صوبے میں ضم ہونے والے نئے قبائلی اضلاع کے لئے خصوصی وسائل مختص کئے گئے تاکہ وہاں کی عوام کو ترقی کی دوڑ میں صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر لایا جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پسماندہ اضلاع کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔تیمور سلیم نے مزید کہا کہ حکومت صحت،تعلیم،سیاحت کے شعبوں کے فروغ اور مواصلات کے نظام کو مزید وسعت دینے کے لئے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کے تمام افراد کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ” صحت انصاف پر وگرام” کو مزید وسعت دے رہی ہے اور آئندہ 6 ماہ کے دوران صوبے کے باقی ماندہ خاندانوں کو بھی صحت انصاف کارڈز کا اجراء کردیا جائے گا۔ایشیائی ترقیاتی بنک کے وفد نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایشین ڈیویلپمنٹ بنک خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے کئی ایک منصوبوں پر کام کررہا ہے۔اس موقع پروفد نے صحت کے شعبے کے فروغ کے لئے ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کی جانب سے صوبے کی مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وفد نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک خیبر پختونخوا میں صحت عامہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور اس شعبے کو مزید فروغ دینے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔وفد نے تاریخی اور کامیا ب صوبائی بجٹ پیش کرنے پر وزیر خزانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبے کی معاشی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سود مند ثابت ہوں گے۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے تعاون پیش کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایشین ڈیلویلپمنٹ بنک خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی کے لئے مستقبل میں بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
23450