Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایئرپورٹ آؤٹ سورس کئے جا رہے ہیں،فروخت نہیں، مشیر برائے ہوا بازی کا ایوان بالا میں جواب

Posted on
شیئر کریں:

ایئرپورٹ آؤٹ سورس کئے جا رہے ہیں،فروخت نہیں، مشیر برائے ہوا بازی کا ایوان بالا میں جواب

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) نگران وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی فرحت حسین نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل بتدریج جاری ہے، ایئرپورٹ آؤٹ سورس کئے جا رہے ہیں، فروخت نہیں کئے جا رہے۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر زرقا تیمور سہروردی، سینیٹر محسن عزیز اور سینیٹر سعدیہ عباسی کے سوال کے جواب میں مشیر برائے ہوا بازی فرحت حسین نے کہا کہ پی آئی اے کو مختلف وجوہات کی بنا پر خسارے کا سامنا ہے، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل بتدریج جاری ہے، اس میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا، اس حوالے سے نجکاری کمیشن نے فنانشنل ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے، اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ قومی اسمبلی نے بہت پہلے کیا تھا۔ ایئرپورٹ آؤٹ سورس کئے جا رہے ہیں، فروخت نہیں کئے جا رہے۔پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔ سینیٹر زرقا تیمور سہروردی، سینیٹر تاج حیدر اور سینیٹر دنیش کمار کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا سے دو جہاز پانچ سالہ لیز پر لئے گئے، معاہدہ ختم ہونے کے بعد 2021 میں انہیں اسی کمپنی کے حوالے کیا گیا، کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث معاہدے کے مطابق پیشرفت نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بعد 26 ملین ڈالر ادائیگی کی گئی ہے، ایک ہوائی جہاز پاکستان آ چکا ہے جبکہ دوسرا جلد مل جائے گا، پہلے یہ جہاز لیز پر تھے، اب پاکستان کی ملکیت ہوں گے۔

 

الیکشن کمیشن آئی جی،ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، حکومت

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)حکومت نے الیکشن کمیشن سے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے معاملے کی سماعت کی، جس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن رات کو ہو گیا ہے۔سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویشن نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کو عہدوں سے ہٹانے کے معاملے پر بتایا کہ وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات کی رپورٹ جاری کی ہے۔ اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ ہے۔الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے درخواست کی ہے کہ الیکشن کمیشن ان دونوں افسران کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ان دونوں افسران کو برقرار رکھا جائے۔وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی اور ڈی سی اسلام آبادکی تبدیلی کے لیے ہمیں حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کو ہم دیکھ لیں گے۔ آپ کل تک دونوں عہدوں کے لیے پینل دیکھیں۔

 

نواز شریف کے لاہور سے کاغذات نامزدگی منظور

لاہور(سی ایم لنکس)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے لاہور سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔لاہور کے حلقہ این اے 130سے محمد نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔ ان کے کاغذات پر کسی نے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا۔ریٹرننگ آفسر این اے 130 اصغر جوئیہ نے سابق وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔بعدازاں لیگی رہنما بلال یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 8 فروری کے الیکشن میں نواز شریف اس حلقے سے کامیاب ہونگے اور چوتھی مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہونگے۔وکیل امجد پرویز نے کہا کہ قانون میں دی گئی تمام شرائط پر نواز شریف کا کیس پورا اترتا ہے، الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کاغذات کی اسکروٹنی کے لیے پورٹل بنارکھا ہے، الیکشن کمیشن کے پورٹل پر جو بھی چیزیں درکار ہیں نواز شریف اس پر پورا اترتے ہیں، ریٹرننگ افسر نے کہا آپ کی طرف سیتمام چیزیں مکمل ہیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
83480