Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اویر ویلی ودیگرعلاقوں میں ٹیلی نار کی ناقص سروس کا نوٹس لیا جائے۔اکبر الدین

شیئر کریں:

اویر ویلی ودیگرعلاقوں میں ٹیلی نار کی ناقص سروس کا نوٹس لیا جائے۔اکبر الدین

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور ضلع کونسل کے سابق رکن اسلام اکبرالدین نے ٹیلی نار پاکستان اور پی ٹی اے کے حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اویر ویلی میں ٹیلی نار کی ناقص ترین سروس کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے جو کہ کمپنی کے مقامی حکام کی نااہلی اور غفلت کا شاخسانہ ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اویر میں واقع ٹیلی نار کے ٹاور نمبر 33 میں جنریٹر کو نہ چلانے کی وجہ سسٹم ڈیڈ ہوکر رہ گئی ہے کیونکہ گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بادل چھائے رہنے کی وجہ سے سولر ٹاور میں سسٹم کی بیٹری مکمل طور پر ڈسچارج ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی جہاں اپنے کنزیومرز کے لئے تنصیب سے لے کر ڈیزل جنریٹر اور اس کے لئے فیول کی فراہمی تک کا انتظام کردیا ہے لیکن اپنے فیلڈ کے عملے پر کنٹرول کی کمی ہے اور دو ہفتوں سے اویر ویلی میں ٹیلی نار کے سنگلز نہ آنے کی وجہ سے علاقے کا مواصلاتی نظام دنیا سے منقطع ہوکر رہ گئی ہے کیونکہ ٹیلی نار واحد دستیاب سروس ہے۔

دریں اثنا مستوج اور ملحقہ علاقوں کے عوام نے بھی ٹیلی نار سروس کے سگنل کی عدم دستیابی کی وجہ سے انتہائی مصائب کا شکار ہیں۔ اسمان پر بادل چھائے جانے کے بعد سگنل کا غائب ہونا روز کا معمول بن گیا ہے ۔ علاقے کے صارفین کا کہنا ہے کہ جس دن سے فورجی سسٹم کا اجرا کیا گیا ہے ٹیلی نار سروس مذید بد تر ہوگیاہے ۔ انھوں نے کمپنی کے ذمہ داروں اور ضلعی انتظامیہ سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔

اسی طرح گرم چشمہ ، کریم آباد کے عوام بھی ٹیلی نار کی ناقص سروس سے بری طرح متاثر ہیں۔ اور علاقے میں پیغام رسانی کا واحد زریعہ بھی خاموش ہونے کی وجہ سے دنیا سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی ٹیلی نار سروس خراب ہوگیا ہے اور ائے روز اپیلوں کے باوجود شنوائی نہیں ہورہی ہے ۔ جس کی وجہ سے عام صارفین کے ساتھ طالب علم بری طرح متاثر ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
57605