Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ٹیموں کے ساتھ بھرپورتعاون کریں.ایڈیشنل چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) صوبائی انسدادِ پولیو ٹیم کا اجلاس جمعہ کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش کی زیر صدارت کیبنٹ روم پشاور سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانی چاہیے.

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے پولیو کے خلاف جاری مہم کی کامیابی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اس موقع پر انہوں نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ،ہوم ڈیپارٹمنٹ اور لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مہم کو کامیاب بنائیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت جاری کی کہ انسداد پولیو مہم میں پولیو مہم کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ان کو ہر ممکن سہولیات اور مدد فراہم کریں۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سیکرٹری ہوم کو ہدایت کی کہ پولیو مہم سے پہلے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ای او سی کوآرڈینیٹر کے تجویز کردہ کورڈینیشن میکنزم کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام میں نئے چیلنجز اور پروپیگنڈا کا سامنا ہے ہیں جس کا فائدہ شر پسند عناصر اٹھا رہے ہیں۔اور انسداد پولیو مہم کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے دوران وہ ضلع کی سطح پر کرائسس مینجمنٹ سیل کے قیام کو بھی یقینی بنائیں اور پولیوآگاہی مہم پر کڑی نظر رکھیں۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹرنیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ڈاکٹر ملک محمد صافی نے انسدادِ پولیو مہم کے خلاف خیبر پختونخوا ای او سی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ انسداد پولیو مہم کے مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری ہوم کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں نے بھی شرکت کی،اجلاس میں ڈبلیو ایچ او پولیو ٹیم لیڈرعبد رحمان محمد، یونیسیف بی ایم جی ایف اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے بھی شرکت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
22603