Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

انتقال پرملال، کھوارثقافت کے نامور نام استاذ تعلیم خان انتقال کرگئے

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) کھوار ثقافت کے نامور فنکار استاد تعلیم خان پیر کے دن انتقال کرگئے . انکی عمر78 سال تھی. انھیں‌ آبائی قبرستان کجو میں‌سپردخاک کردیا گیا . استاد تعلیم خان چترال سکاوٹس، چترال پولیس اورضلعی انتظامیہ کے ساتھ خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائرمنٹ کی زندگی گزاررہے تھے.

تعلیم خان چترال اور گلگت بلتستان میں شہنائی اور بانسری میں کمال مہارت کی وجہ سے استاد مانے جاتے تھے ۔ خاص کرکھوار زبان کے بعض مخصوص سازوں کو شہنائی اور بانسری میں بجانے کا انہیں ملکہ حاصل تھا ۔ چترالی ثقافت کے دلدادہ افراد نے تعلیم خان کی وفات پر انتہائی صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ اور اسے کھوار موسیقی اور ثقافت کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے ۔ مرحوم نے چترال ,گلگت بلتستان اور ملک کے مختلف مقامات میں سرکاری سرپرستی میں اپنے فن کا جادو جگایا ۔ اور خوب داد وصول کی ۔ اسی فن کی بدولت انہوں نے چترال کے تین سرکاری اداروں میں یکے بعد دیگرے خدمات انجام دی ۔اس لئے عام پرستاروں کے علاوہ اعلی سرکاری حکام بھی ان کے فن کی وجہ سے ان کی قدر کرتے تھے ۔ مرحوم خوش طبع اور محافل پسند شخصیت کے مالک تھے ۔ وہ گذشتہ روز مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے ۔

taleem khan


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
18953