Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم، خلاف ورزی پرکارروائی کی جائیگی، الیکشن کمیشن

Posted on
شیئر کریں:

انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم، خلاف ورزی پرکارروائی کی جائیگی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی مہم ختم ہونے کا وقت آج رات 12 بجے ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور جماعتوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 182 کے تحت انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وقت ختم ہونے کے بعد کسی بھی امیدوار یا جماعت کو جلسے، جلوس، کارنرمیٹنگ یا اسی نوعیت کی سیاسی سرگرمی کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وقت ختم ہونے کے بعد انتخابی مہم، اشتہارات اور دیگر تحریری مواد کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر جس سے کسی خاص سیاسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہوپابندی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی۔ میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج دینا شروع کرسکتا ہے جس میں واضح طور پر یہ بتایا جائے گا کہ یہ نتائج غیرحتمی اور غیر سرکاری ہیں۔ ریٹرننگ افسر پولنگ اسٹیشنوں کے نتیجے کا اعلان کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرے گا اور خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 2 ترجمان مقرر کرنے کا نوٹفیکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نگہت صدیق اور حامد رضا خان کو ترجمان الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ دونوں ترجمان صوبائی ترجمانوں سے رابطے میں رہیں گے اور انتخابی عمل مکمل ہونے تک 24 گھنٹے دستیاب ہوں گے۔

 

آرٹی ایس، آر ایم ای کی چھٹی! انتخابی نتائج کیلئے جدید سسٹم تیار

اسلام آباد(سی ایم لنکس) انتخابی نتائج کیلئے آرٹی ایس اور آر ایم ای کی چھٹی کرادی گئی، الیکشن کمیشن نے جدید الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) تیارکر لیا۔جدید سافٹ ویئر 32 کروڑ کی لاگت سے نجی کمپنی سے تیار کرایا گیا، ای ایم ایس انٹرنیٹ سے نہیں انٹرا نیٹ سے کام کرے گا۔الیکشن مینجمنٹ سسٹم صرف پولنگ ڈے پراستعمال ہو گا جس میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد اس سسٹم میں فارم 45 اور فارم 47 کا ڈیٹا فیڈ کیا جائے گا۔ملک بھر میں سسٹم کو آپریٹ کرنے کیلئے ہر صوبائی اسمبلی کے حلقے میں تین آپریٹرجب کہ قومی اسمبلی کے حلقے کیلئے چار آپریٹراور لیپ ٹاپس ہوں گے جو ریٹرنگ افسروں کے دفاتر میں رکھوائے جائیں گے۔ہر آر او کے پاس نادرا کا ایک اہلکار بھی ہو گا، ان سسٹم میں فارم 45 اور47 کا ڈیٹا بھی فیڈ کیا جائے گا۔جدید ای ایم ایس کے آپریٹ کے دوران اگر انٹرنیٹ سروس موجود نہیں ہو گی تب بھی لیپ ٹاپس لوکل ایریا نیٹ ورک (ایل اے این) پر ا ف لائن موڈ میں کام کرتے رہیں گے۔ای ایم ایس میں ایک لیپ ٹاپ سے عوام کیلئے ملٹی میڈیا کے ذریعے نمایاں جگہ پر پروگریسیو نتائج دکھائے جائیں گے، پریزائیڈنگ افسران موبائل سے تصاویر کھینچ کر ریٹرننگ افسران کو نتائج بھیجیں گے اور بعد ازاں خود بھی نتائج جمع کرانیجائیں گے۔اگر ای ایم ایس میں کوئی کنیکٹیویٹی نہ ہوئی تو یہ تصویر از خود محفوظ ہو جائے گی اور جیسے ہی کنکشن بحال ہوگا تو یہ تصویر اپنی منزل تک پہنچ جائے گی، اگر فارم 45 کچھ گھنٹوں کیلئے جمع نہ ہوا تو فارنسک دستیاب ہو گا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن حکام نے ای ایم ایس کو ہییک کیے جانے کے حوالے سے خدشات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سوفٹ ویئر جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے، اس کے سکیورٹی فیچرز غیر معمولی ہیں۔

8 فروری کو موبائل یا انٹرنیٹ بند کرنیکا فیصلہ نہیں کیا، گوہر اعجاز

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ 8 فروری کو موبائل یا انٹرنیٹ بند کرنیکا فیصلہ نہیں کیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ سیکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبے کی درخواست آئی تو انٹرنیٹ سروس بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انتخابات کی سیکیورٹی پر ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد اور ہر پولنگ اسٹیشن پر کم از کم 7 سے 8 قانون نافذ کرنے والے اہلکار تعینات ہوں گے۔گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ نہیں چاہیں گے کہ سندھ میں کہیں بھی قانون ہاتھ میں لیا جائے، سب کے لیے پیغام ہے سندھ میں مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز اور پولیس کھڑی ہیں۔نگراں وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ووٹ دینا آپ کا حق ہے، جسے ووٹ دینا ہے آزادی سے دیں، کسی کو پاکستان کی سالمیت اور عزت کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے نہیں دیں گے، ہمیں خطرہ ہے ان قوتوں سے جو ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
85047