Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

امداد کی رقم 28ارب سے بڑھا کر 70ارب روپے کرنے کافیصلہ کیا ہے، ہر متاثرہ خاندان تک شفاف طریقے سے امداد پہنچے گی، وزیراعظم شہبازشریف

Posted on
شیئر کریں:

امداد کی رقم 28ارب سے بڑھا کر 70ارب روپے کرنے کافیصلہ کیا ہے، ہر متاثرہ خاندان تک شفاف طریقے سے امداد پہنچے گی، وزیراعظم شہبازشریف

قمبر شہدادکوٹ(چترال ٹایمز رپورٹ)وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی رقم 28ارب سیبڑھا کر 70ارب روپے کرنے کافیصلہ کیا، ہر متاثرہ خاندان تک شفاف طریقے سے امداد پہنچے گی، سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں، لوگ بے گھرہو ئے، عالمی برادری کی طرف سے امداد کاشکریہ اداکرتے ہیں، یہ وقت سیاست کانہیں سیلاب متاثرین کے لئے مل کر کام کرناہوگا۔ پیر کو قمبر شہدادکوٹ میں سیلاب متاثرین کے لئے قائم کئے گئے امدادی کیمپ کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقے کافضائی جائزہ لیا ہے،ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے۔ سندھ حکومت متاثرین کی مدد کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر متاثرین کی مدد کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 25 ہزار روپے کی امداد کاسلسلہ بلوچستان سے شروع کیا۔ تمام متاثرہ علاقوں میں امداد کے لئے 28 ارب روپے مختص کئے گئے تھے لیکن سیلاب سے متاثرہونے والے خاندانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، اس لئے وفاقی حکومت نے یہ رقم 70 ارب روپے تک بڑھانے کافیصلہ کیا ہے۔ شفاف طریقے سے یہ امدادی رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

 

وزیراعظم نے کہاکہ سیلاب سے کپاس، چاول اور کھجور سمیت مختلف فصلوں کابہت زیادہ نقصان ہواہے۔ سندھ سیلاب سے بہت زیادہ متاثرہوا ہے۔ یو اے ای، قطر، ترکی، سعودی عرب، چین، امریکا، ایران سمیت تمام دوست ممالک کاشکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں بہت مدد کی ہے۔ ہرروز مختلف ممالک کے طیارے امدادی سامان لے کر پہنچ رہے ہیں۔ ترکی کی طرف سے امداد ی سامان سے بھری 4 ٹرینیں روانہ کی گئی ہیں۔ پرنس کریم آغاخان کے صاحبزادے نے بھی 10 ملین ڈالر کی امداد کااعلان کیاہے۔چین نے بھی امدادی رقم بڑھا دی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے لئے افواج پاکستان بھر پور معاون کررہی ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں سیاست نہیں کرنی چاہیے سب کو مل کر متاثرین کے لئے کام کرنا ہو گا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ وزیراعظم کو قمبر شہدادکوٹ میں سیلاب سیہونے والے نقصانات اور ریلیف و بحالی کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیاکہ منچھر جھیل کالیول بہت بڑھ گیاہے۔مناسب مقامات پر بند توڑ کر پانی کی مقدار کو کم کیا گیاہے۔ علاقے میں پانی نکالنے کے لئے وفاقی حکومت کی مدد کی ضرورت ہے۔ سیلاب سے فصلوں کابہت نقصان ہواہے جبکہ کچیمکانات گر گئے ہیں۔پانی کھڑا ہونے سے وبائی امراض پھیل رہیہیں۔بہت سے علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سیامدادی سرگرمیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔متاثرین تک پکاپکایا کھانا پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سیلاب سے 7 تحصیلیں اور 9 سے 13 لاکھ افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کو متاثرہ علاقے کے فضائی معائنے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔

 

 

 

پاکستان آرمی میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر شدید غم و غصہ ہے، آئی ایس پی آر

فیصل آباد(سی ایم لنکس)عمران خان کے فیصل آباد جلسے میں پاک فوج کی سینئر قیادت سے متعلق ہتک آمیز بیان کے معاملے پر آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر شدید غم و غصہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تلعقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہیکہ آرمی چیف کے انتخاب کے عمل کو متنازع بنانا ریاست پاکستان اور ادارے کے مفاد میں نہیں ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی سینئر قیادت کی اہلیت اور حب الوطنی دہائیوں پر محیط بے داغ، شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق نازک وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج آئین پاکستان کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج میرٹ پر یقین رکھتی ہے، میرٹ کے لحاظ سے پاک فوج کو بہترین ادارہ کہا جاتا ہے۔

 

 

 

پوری فوج محب وطن، عمران خان اپنی بات کی خود وضاحت کریں: صدر مملکت

پشاور(چترال ٹایمز رپورٹ) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے، عمران خان اپنی بات کی خود وضاحت کریں۔صدر مملکت نے گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے، عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے جو بات کی وہ خود وضاحت کریں، میں کوئی کنفیوڑن پیدا نہیں کرنا چاہتا، جو بھی بات کرے درکار ہے کہ وہ خود ہی اس کی وضاحت بھی کرے۔عارف علوی نے کہا کہ میں قومی حکومت کے قیام کی کوشش نہیں بلکہ سب کو ایک ساتھ بٹھانا چاہتا ہوں، اس کام میں کامیابی کے لیے پرامید ہوں، وزیراعظم سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، اگر رابطہ نہیں ہے تو فاصلے بھی نہیں، شفافیت آجائے تو صوبوں کے مابین بداعتمادی ختم ہوجائے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بہتر ڈیل ہے، پاکستان معاشی دباؤ سے نکل آیا ہے، دیگر ادارے بھی اب تعاون کریں گے، دعا ہے کہ مہنگائی جلد ختم ہوجائے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک جانور ہے جسے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے اس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا، یہ ریگولیٹ نہیں ہوسکتا، جو کوئی بھی بات کرے احتیاط سے بات کرے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ لوگوں کے فون ٹیپ کرنا خطرناک ہے، تاہم ایسا دنیا بھر میں ہوتا ہے، میں ای ووٹنگ کا حامی ہوں، میں نے اس سلسلے میں کافی کام کیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65503