Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

امارات سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کیلیے تحریری ضمانت ملنے کا امکان

Posted on
شیئر کریں:

امارات سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کیلیے تحریری ضمانت ملنے کا امکان

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کے لیے رواں ہفتے ہی تحریری ضمانت ملنے کا امکان ہے۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق سیکرٹری وزارت خزانہ آئی ایم ایف کے واشنگٹن میں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی سائیڈ لائن میٹنگز کے دوران اس سلسلے میں آئی ایم ایف حکام کو آگاہ کریں گے۔ذرائع کا کہناہے کہ متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کے لیے معاملات فائنل ہوچکے ہیں۔ یو اے ای حکام کی جانب سے گارنٹی ملتے ہی آئی ایم ایف کو بھی تحریری ضمانت مل جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے وزیراعظم آفس اور وزیرخزانہ نے دوست ممالک سے درخواست کی تھی۔

 

پیمرا کسی قابل اعتراض مواد پر از خود نوٹس لے کر کارروائی نہیں کرسکتا،سپریم کورٹ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ پیمرا کسی بھی قابل اعتراض مواد پر از خود نوٹس لے کر کارروائی نہیں کرسکتا۔ پیمرا از خود نوٹس لینے سے پہلے بھی کونسل آف کمپلینٹس کی رائے کا پابند ہے۔سپریم کورٹ نے نجی چینل کے ڈرامے پر پابندی کے خلاف درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ 19 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا۔فیصلے کے مطابق الیکٹرانک میڈیا پر نشر ہونے والے ڈرامے کو بھی آرٹیکل 19 اے کا تحفظ حاصل ہے، کسی بھی قابل اعتراض مواد پر پابندی پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس کی رائے سے مشروط ہے، کونسل آف کمپلینٹس کی رائے کے بغیر پیمرا خود سے ٹی وی چینلز پر نشتر کردہ مواد پر پابندی کا اختیار نہیں رکھتا۔فیصلے کے مطابق پیمرا آرڈیننس کا سیکشن 27 کسی بھی پروگرام یا اشتہار کے خلاف پیمرا کوازخود کارروائی کی اجازت نہیں دیتا، پیمرا اپنی کونسل آف کمپلینٹس کے فیصلے کو نظر انداز کر کے آرڈر نہیں کر سکتا۔سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق ٹی وی ڈرامے یا پروگرام کے مواد کا جائزہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کو ہی لینا چاہیے۔ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کے ممبران کا تقرر واضح اور شفاف طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی ڈراموں میں اگر کوئی قابل اعتراض یا غیر اخلاقی سین ہو تو صرف اس حصے کو نشر کرنے سے روکا جا سکتا۔ سندھ ہائیکورٹ نے ڈرامہ نشر کرنے پر پابندی کے پیمرا کے فیصلے کو مسترد کر دیا تھا، سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا حکم برقرار رکھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
73504