Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اسماعیلی سِوِک پاکستان نےموسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی استحکام کا ماڈیول متعارف کرا دیا

Posted on
شیئر کریں:

اسماعیلی سِوِک پاکستان نےموسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی استحکام کا ماڈیول متعارف کرا دیا

کراچی(چترال ٹائمز رپورٹ) مورخہ 25ستمبر،2022ء کو عالمی اسماعیلی سِوِک ڈے کے موقع پر، جو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے،اسماعیلی سوِک پاکستان (Ismaili Civic Pakistan)نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی استحکام کے حوالے سے ایک ماڈیول متعارف کرایا جس کا مقصداسکولوں کے طلباء و طالبات کو تعلیم دینا ہے۔اس ماڈیول کی باضابطہ افتتاحی تقریب سلطان محمد شاہ آغا خان اسکول، کراچی میں منعقد ہوئی جس میں زندگی ٹرسٹ کے بانی اورصدر، شہزاد رائے مہمان خصوصی تھے۔اسماعیلی کونسل برائے پاکستان کے صدر حافظ شیر علی، آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN)کے نمائندگان، اَساتذہ اور کمیونٹی کے ممبران بھی تقریب میں شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد رائے نے اسماعیلی سوک پاکستان، آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک اور اس کے اداروں کی،ماحول کے تحفظ کی غر ض سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔اْنھوں نے مزید کہا:”ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلے کی کنجی عوام کو تعلیم دینا اور اْن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی استحکام کے حوالے سے مثبت رویوں کو اپنائیں۔یوتھ لٹریسی پروگرامز، بالخصوص، طویل عرصے تک مثبت اثرات مرتب کریں گے۔ اِس سے پہلے کہ یہ ہمیں تباہ کرے، ذمہ دار شہری کی حیثیت سے، آج ہمیں ماحولیاتی تباہی کو روکنے کے عزم کو دوہرانا ہو گا۔“

 

(LUMS)لرننگ انسٹی ٹیوٹ،آغا خان یونیورسٹی-انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ (AKU-IED) اور آغا خان ایجوکیشن سروس، پاکستان کے تعاون سے تیار کیے گئے ماڈیول میں خاص طور سے اِس بات پر توجہ دی گئی ہے کہ انسانی سرگرمیاں کس طرح ماحول کو متاثر کر رہی ہیں اور کس طرح،تعلیمی آلات کے ذریعے، اِن ماحولی بحرانوں سے بچا جا سکتا ہے۔یہ اقدام والدین اور اساتذہ کو کم عمری میں ہی نوجوان افراد کو تعلیم فراہم کرنے میں مدد دے گا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، AKU-IED کی اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر فوزیہ پروین نے کہا:”ہماری آئندہ نسلیں ماحولی تبدیلی اور ہمارے اعمال کے منفی نتائج کا سامنا کر رہے ہیں اور کریں گیں۔ماحولیاتی تباہی کے اس دور میں، نقصان اور تکلیف کے موقع پر، یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو اْمید اور متعلقہ معلومات اور مہارتیں فراہم کریں تاکہ وہ اس سیارے کوزندہ رہنے کے قابل بنانے کے لیے لچک پید کر سکیں۔ہمیں اُمید ہے کہ یہ ماڈیول اْن اقدامات اور اظہار کی جانب ایک چھوٹا سا قدم ہے جس کی سماجی، ماحولی، اقتصادی اور انتہائی اہم، تعلیمی نظاموں میں ضرورت ہے۔“اپنے خطاب کے آخر میں ڈاکٹر پروین نے اُن رضاکاروں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اِس ماڈیول کی تیاری میں اپنا وقت صرف کیا تھااور کوششوں میں شریک ہوئے تھے۔

 

ماحول کے تحفظ کے عزم کے حوالے سے آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے اخلاقی اْصولوں پر زور دیتے ہوئے اسماعیلی کونسل برائے پاکستان کے صدر، حافظ شیر علی نے کہا: ”آب و ہوا کی تباہی ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر ہمیں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی ذمہ داری بہت اہم ہے۔ اسماعیلی CIVIC اور ہمارے شراکت دار اس سیارے کے محافظوں بن کر اخلاقیات کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔“

 

موسمی تبدیلی اور ماحولی استحکام کا ماڈیول دوچھوٹی کتابوں پر مشتمل ہے جن میں سے ایک معلوماتی اور دوسری ایکٹیویٹی کی کتاب ہے۔معلوماتی کتاب میں ایسا مواد فراہم کیا گیا ہے جو اساتذہ اور والدین کواْن بنیادی تصورات سمجھنے میں مدد دے جو ایکٹیویٹی کی کتاب میں دیں گئیں سرگرمیاں انجام دینے کے لیے ضروری ہیں۔ یہ ماڈیول پہلے AKES,Pکے اسکولوں میں متعارف کرایاجائے گااور اْس کے بعد، AKU-IED کے ذریعے دیگراسکولوں میں بھی پڑھایاجائے گا۔

 

chitraltimes Global Ismaili CIVIC Day celebration 3 chitraltimes Global Ismaili CIVIC Day celebration 4 chitraltimes Global Ismaili CIVIC Day celebration 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
66284