Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ابتدائی وثانوی تعلیم کو Digitilized کیا جارہاہے۔۔۔ضیا ء اللہ بنگش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ ابتدائی وثانوی تعلیم کو Digitilized کیا جارہاہے۔ آج محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے ڈائریکٹریٹ پشاور میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز میل/فی میل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ تمام سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم یقینی بنانا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔مشیر ابتدائی وثانوی تعلیم نے کہاکہ محکمہ تعلیم نے سب سے پہلے 100 روزہ پلان پر عملدرآمدکو یقینی بنایا ہے جس پر آئندہ پانچ سالوں میں اصلاحاتی عمل کو مکمل کیا جائے گا۔ضیاء اللہ بنگش نے مزید کہاکہ ان کے دفتر میں Complaint Monitoring Cell قائم کیا جارہا ہے جس میں محکمہ تعلیم کے حوالے سے تمام شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہاکہ تمام اضلاع میں کھلی کچہریاں کی جائیں گی جس میں عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں تمام سرکاری سکولوں کی کلاسوں میں ٹیکنالوجی کو متعارف کیا جائے گا تاکہ سرکاری سکولوں میں غریبوں کے بچے بھی اس سے مستفید ہوں اور اس سلسلے میں IT KP ڈیپارٹمنٹ کیساتھ مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط بہت جلد ہوں گے۔ ضیاء اللہ بنگش نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام افسران کو Whatsapp گروپ کے ذریعے منسلک کیا جارہا ہے جسکے ذریعے ڈیٹا کے مطابق DEOs کو فنڈز کا اجراء کیا جائے گا۔
وزیر اعلی کے مشیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے مزید کہاکہ زنانہ سرکاری سکولوں میں سوشل میڈیا کوریج پر مکمل طورپر پابندی لگا دی گئی ہے اور اس حوالے سے حکومتی فیصلوں پر من وغن عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا اور احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ فی میل سکولوں میں کسی بھی تقریب میں کوریج کے لئے ضابطہ اخلاق وضع کئے جارہے ہیں جس کے مطابق ان کو کوریج کی اجازت دی جائے گی۔ ابتدائی وثانوی تعلیم کے ڈائریکٹریٹ میں منعقدہ اس تقریب میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر فرید احمد خٹک اور سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم خیبر پختونخوا مختیار احمد بھی موجود تھے۔
اجلا س کے اختتام پر اچھی کارکردگی دکھانے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز کو توصیفی اسناد بھی دئیے گئے۔ مشیر ابتدائی وثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے تمام افسران کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سب ملکر خیبر پختونخوا میں تعلیم کے فروغ کے لئے اپنی خدمات اچھے طریقے سے انجام دیں گے۔
………………………………………………………………………………………………………………………….
دریں اثنا خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ محکمے میں خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے ای فائلنگ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے جس سے روایتی طریقے سے فائلیں ایک دفتر سے دوسرے دفتر آنے جانے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر بلدیات شہرام خان تراکئی نے پی ڈی اے کی آٹو میشن، جاری منصوبوں ، محصولات اور اخراجات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجس میں سیکرٹری بلدیات ظاہر شاہ،سپیشل سیکرٹری،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے ،ایم ڈی خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیر بلدیات نے کہا ای فائلنگ سسٹم سے جہاں تمام تر معاملات میں شفافیت آئے گی وہیں عام شہریوں اور محکمے کے روزمرہ کے امور کم سے کم وقت میں انجام دیئے جاسکیں گے۔اجلاس میں کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے جن میں پلاٹوں کی خرید و فروخت کے نظام کو آن لائن کرنے،حیات آباد میں مساجد کی تزین وآرائش او ر مارکیٹوں کو ایک ہی ڈائزین میں ڈھالنے کے علاوہ اتھارٹی کے ملازمین و افسران کی کارکردگی جانچنے کا نظام متعارف کرانا شامل ہے جس کے تحت سزا یا جزا دی جاسکے گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ پی ڈی اے میں ای فائلنگ سسٹم کے علاوہ مزید اصلاحات بھی لائی جا رہی ہیں جس سے اس کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ محصولات میں اضافے اور اخراجات میں کمی لانے کے لئے کم لاگت منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے۔شہرام تراکئی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت محکمہ بلدیات سمیت تمام اداروں کو مضبوط کرنے پرکام کررہی ہے تاکہ عوام کے مسائل جلد اور بہتر انداز میں حل کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں تیز تر ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
15178