Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے طریقہ کار وضع، 20 کلوآٹا808روپے میں فراہم کیا جائیگا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے اور عوام کو رعایتی نرخ پر آٹا فراہم کرنے کے لیئے طریقہ کار وضح کر لیاہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیرخوراک قلندر خان لودھی کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فوڈ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو پالیسی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق عوام کو 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا حکومت کے تعین کردہ ریٹ 808 روپے پر فراہم کیاجائے گا جبکہ تمام فلور ملز مالکان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ آٹا ڈیلرز کو فی تھیلا 786 روپے میں فراہم کریں گے۔اس کے علاوہ فلور ملوں کو سرکاری گندم سے 12 فیصد چوکر نکالنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز / راشن کنٹرولرز ہر تحصیل سے لائسنس ہولڈر آٹا ڈیلرز کی لسٹ ڈپٹی کمشنر کو منظوری کے لیئے فراہم کرے گا تا کہ حقیقی اور قابل اعتبار آٹا ڈیلرز کو آٹا دیا جائے۔دو سری جانب صوبے میں تمام فعال فلور ملوں کو روزانہ کی بنیاد 4000 میٹرک ٹن گندم رعایتی ریٹ پر دی جا تی ہے تاہم تمام فلور ملوں کو گندم کوٹہ کے حساب سے رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سرکاری گندم سے نکالے گئے آٹے کے معیار کو جانچنے کے لیے محکمہ خوراک کے حکام کو ہفتے میں کم از کم ایک مرتبہ آٹے کے نمونے حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے تا کہ مارکیٹ میں معیاری آٹے کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوام کی آسانی کے لیئے صوبے کے تمام اضلاع میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام منظور شدہ آٹا ڈیلرز کو دکانوں پر پینا فلیکس (جن پر سرکاری آٹا کی قیمت و دیگر ضروری معلومات درج ہوں) آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ عوامی آگاہی کے لیئے منظور شدہ آٹا ڈیلرز کے نام، پتہ اور ان کے لیئے مختص فلور ملز کے متعلق تمام ضروری معلومات میڈیا کے ذریعے فراہم کی جائیں گی جس کی بدولت عوام کے لئے کو حکومت کے تعین کردہ نرخوں پر آٹے کی خریداری آسان بنائی جاے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منظور کردہ آٹا ڈیلرز کی دکانوں میں آٹے کی عدم دستیابی کی صورت میں شہری متعلقہ ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے علاوہ دیگر متعلقہ فورمز پر شکایت ریکارڈ کرا سکیں گے۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کو آٹا کم قیمت پر فراہم کرنے کے پیش نظر فلور ملوں کا یومیہ گندم کوٹہ گزشتہ چند ماہ کے دوران 2000 سے بڑھا کر 4000 میٹرک ٹن کر دیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31134