Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آمدن سے زائد اثاثے؛ اسحاق ڈار کو کلین چٹ، احتساب عدالت میں کارروائی ختم

Posted on
شیئر کریں:

آمدن سے زائد اثاثے؛ اسحاق ڈار کو کلین چٹ، احتساب عدالت میں کارروائی ختم

اسلام آباد( چترال ٹایمز رپورٹ)احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے نیب ریفرنس کی کارروائی ختم کردی۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں جج محمد بشیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، جس کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ نئے ایکٹ کے تحت ہمارا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر تین ملزمان کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ترمیمی ایکٹ کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ بھی ہمارا اختیار نہیں۔ نہ ہم نیب، نہ ہی ملزمان کے حق میں فیصلہ دے سکتے ہیں۔ اسحاق ڈار کیخلاف جاری ٹرائل یہیں ختم کیا جاتا ہے۔نیب ریفرنس کے خلاف اسحاق ڈار، سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا نے بریت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس 2017ء میں دائر کیا گیا تھا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد،نعیم محمود اور منصور رضا رضوی نامزد تھے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنا دیا گیا۔ ریفرنس میں تفتیشی افسر سمیت 42 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کے تفتیشی افسر نادر عباس تھے۔یاد رہے کہ نیب نے 2017ء میں احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا جس کے بعد اسحاق ڈار 2017ء کے آخر میں بیرون ملک چلے گئے تھے اور مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ اسحاق ڈار نے 4 سال بعد عدالت میں سرنڈر کیا اور بریت کی درخواست دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے لئے ریفرنس دائر کر دیا

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے لئیریفرنس دائر کر دیاہے۔منگل کو دائر ریفرنس کی سماعت کے دوران ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک اور ان کے وکیل سعد حسن عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرسے عدالت کے سامنے حلف لیا گیا، وقاص احمد ملک کی جانب سے بیان حلفی عدالت کے سامنے لکھوایا گیا۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے بیان حلفی میں کہا کہ مجھے اتھارٹی دی گئی ہے 21 نومبر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی پیروی کروں، الیکشن ایکٹ کی سیکشن 190 کو 167 اور 173 کے ساتھ ملا کر کارروائی کی اتھارٹی دی گئی، یہ کارروائی عمران خان کی کرپٹ پریکٹیسز سے متعلق ہیں، الیکشن کمیشن کا اختیار ہے کہ وہ ریفرنس کی بنیاد پر ممبر اسمبلی کے نااہلی معاملے کو دیکھ سکتا ہے۔وقاص احمد نے بیان حلفی کے متن میں کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت سالانہ 31 دسمبر تک ممبر اسمبلی اور سینیٹرز کو گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانا ہوتی ہیں، عمران خان نے 2018، 2019، 2020، 2221 کے گوشوارے جمع کروائے۔

 

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھیجوایا تھا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ کورٹ کو بھجوائی گئی شکایت میں کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ عمران خان پر کرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کرے، عمران خان نے اثاثوں کی جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں، وہ کرپٹ پریکٹیسز کے مرتکب ہوئے، سیکشن 174 کے تحت جھوٹی تفصیلات جمع کرانے کی سزا بھی ہے۔عدالت شکایت منظور کرکے عمران خان کو سیکشن 167 اور 173 کے تحت سزا دے، عمران خان کو 3 سال جیل کی اور جرمانہ کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلے میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا، توشہ خانہ ریفرنس الیکشن ایکٹ کے سیکشن 137،170،167 کے تحت بھجوایا گیا ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمران جماعت کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف کو فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ڈکلیئر نہیں کیا۔آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیے جانے والے ریفرنس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اپنایا تھا کہ 62 ون ایف کے تحت نااہلی صرف عدلیہ کا اختیار ہے جب کہ سپریم کورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں۔یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی آئین کی اسی شق کے تحت اسی نوعیت کے معاملے میں تاحیات نااہلی قرار دیا گیا تھا، ان پر اپنے بیٹے سے متوقع طور پر وصول نہ ہونے والی سزا گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا۔

 

کوپ-27 میں عالمی فنڈ کاقیام کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے بچانے میں تاریخی سنگ میل ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(سی ایم لنکس) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نیکہا ہے کہ کوپ-27 میں عالمی فنڈ کاقیام کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے بچانے میں تاریخی سنگ میل ہے،ماحولیاتی انصاف کا مطالبہ عالمی سطح پر منظور ہونا پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے،موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے نقصانات کے ازالے کا عالمی فنڈ قائم ہونا پاکستان کے موقف کی جیت ہے۔منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے موقف کو دنیا نے تسلیم کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ترقی پذیر ممالک پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مہلک اثرات اور پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو عالمی ایجنڈے میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے موقف نے عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔’ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ’کے قیام سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتیرس ترقی پذیر ممالک کے محسن ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی کاوشوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو منوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔تمام عالمی قائدین مبارک اور خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے کرہ ارض کو بچانے کے لئے فیصلہ کن اور عملی قدم اٹھایا۔یہ عالمی اتحاد موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68315