Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آل ناظمین اپرچترال فورم کی لوئیرچترال کے ناظمین کی اخباری بیان کی مذمت

Posted on
شیئر کریں:

بونی (چترال ٹائمزرپورٹ )‌ آل ناظمین فورم لوئر چترال کے ڈومیسائل کی بنیاد پر کلاس فور ملازمین کے تبادلے کے حوالے سے اخباری بیان کے رد عمل میں ایک ہنگامی اجلاس کے بعد صدر پرویز لال بونی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آل ناظمین فورم لوئیر چترال کی جانب سے ڈومیسائل کی بنیاد پر کلاس فور ملازمین کا اپر چترال تبادلے کا مطالبہ بدنیتی اور تعصب پر مبنی اور نوزائیدہ ضلعے کی مشکلات میں اضافے کی کوشش ہے۔ اس طرح کے غیر زمہ دارانہ اقدامات اور بیانات سے چترال کے آپس کے برادرانہ ماحول کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ لوئیر چترال کے زمہ دار افراد اپر چترال والوں کے ساتھ ملکر ابتدائی سیٹ اپ میں انکی مدد کرتے اور اپر چترال کو بھی جلد ایک مثالی ضلع بناتے، لیکن آل ناظمین فورم لوئیر چترال نے ڈومیسائل کی بنیاد پر کلاس فور ملازمین کی تبادلے کا مطالبہ کر دیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔

اگر ڈومیسائل کی بنیاد پر تبادلہ ہونا ہے تو صرف کلاس فور ملازمین کیوں؟؟؟ سارے گیزٹڈ آفیسرز، ڈاکٹرز وغیرہ بھی اپر چترال ٹرانسفر کیے جائیں اور لوئیر چترال سے بھی جتنے ملازمین صوبے کے دوسرے ضلعوں میں تعینات ہیں ان کا بھی فوری طور پر آبائی ضلعوں میں تبادلہ کیا جائے تاکہ ان کیلئے بھی آسانی ہو اور پورے صوبے میں ایک جیسا نظام ہو۔ لوئیر چترال کے ناظمین صرف نوزائیدہ اپر چترال کے لیے ہی یہ قانون کیوں چاہتے ہیں؟؟؟

اسٹاف سے پہلے اثاثوں کی تقسیم کا عمل پورا ہونا چاہیے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام ضلعی اداروں کے اثاثہ جات بشمول فرنیچر وغیرہ دونوں ضلعوں میں برابر تقسیم ہونے ہیں۔ پہلے اثاثے تقسیم ہوجائیں اور دفترات وغیرہ کا سیٹ اپ مکمل ہوجائے تو پھر اسٹاف کے تبادلے ہوں بصورت دیگر نوزائیدہ ضلعے کی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا۔ امید ہے کہ لوئیر چترال کے ہمارے بھائی اپنا غیر زمہ دارانہ مطالبہ واپس لیکر نئے ضلعے کے سیٹ اپ میں ہمیشہ کی طرح ہمارے شانہ بشانہ کام کریں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
23422